تبدیلی کپ فٹبال ‘نارتھ وزیرستان نے حیات آباد چیمپئنز کو شکست دیدی

پشاور(سپورٹس رپورٹر)پشاور کے طہماس فٹبال سٹیڈیم پر جاری تبدیلی کپ فٹبال لیگ کے سلسلے میں ہونیوالے میچ میں نارتھ وزیرستان کی ٹیم نے حیات آباد چیمپئنز کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ‘گزشتہ روزمیچ کے موقع پررکن صوبائی اسمبلی عائشہ بانو مہمان خصوصی تھیں ان کے ہمراہ چیف آرگنائزر شاہد خان شینواری ‘ولی خان ‘ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جمشید بلوچ ‘صوبائی فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل راجہ عبدالباسط کمال ‘محمد نواز اورکزئی سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ پیش کیا

نارتھ وزیرستان کی ٹیم میچ پر مکمل طور پر چھائی رہی ‘نارتھ وزیرستان کی طرف سے رضا اللہ نے دسویں اور پچیسویں منٹ میں گول سکور کئے جبکہ تیسرا گول 78 ویں منٹ میں عبدالرحمان نے سکور کیا ‘میچ میں ریفری کے فرائض امین اللہ ‘اکرام خان اور علاؤالدین نے سرانجام دئیے جبکہ میچ کمشنر سید امتیاز علی شاہ تھے ‘اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی عائشہ بانو نے کہا کہ مثبت سرگرمیوں کا انعقاد نوجوانوں کو برائیوں سے دور کرتا ہے اور اس قسم کے مقابلوں سے انہیں آگے جانے میں مدد ملتی ہے

انہوں نے کہا کہ فٹبال لیگ کے انعقاد سے اچھا ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور ہمیں اچھے کھلاڑی ملیں گے انہوں نے چیف آرگنائزر شاہد خان شینواری کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ فٹبال کے فروغ وترقی کے لئے ہم سب کو مل کرکام کرنا چاہئے انہوں نے انہیں اپنی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تعارف: newseditor