لاہور(سپورٹس لنک ) ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم 15 سال بعد رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ویسٹ انڈیز اور پاکستان ویمنز ٹیم کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا انعقاد 31 جنوری سے ہونے جارہا ہے جس کے لیے پاکستان ویسٹ انڈیز کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مہمان ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے 15 سال بعد پاکستان آرہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 31 جنوری، یکم فروری اور 3 فروری کو میچز کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے۔آخری مرتبہ ویسٹ انڈین ویمن ٹیم نے مارچ 2004 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ٹیسٹ سیریز کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئی جب کہ 7 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیز نے 2-5 سے اپنے نام کی تھی۔پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے تین ایک روزہ میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے اور تینوں میچز 7، 9 اور 11 فروری کو دبئی میں ہوں گے۔ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کا دورہ پاکستان، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب مزید ایک اور قدم ہے، اس سے قبل زمبابوے نے 2015 میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز پاکستان میں کھیلی۔فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم نے 2017 میں پاکستان کا دورہ کیا اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جب کہ سری لنکا نے بھی اُسی سال پاکستان میں ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا۔ ویسٹ انڈیز نے 2018 میں پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کراچی میں کھیلی اور اب پاکستان پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے 8 میچز کی میزبانی اپنی سرزمین پر کرنے جارہا ہے۔