اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے وزارت بین الصوبائی کے سیکریٹری اکبر درانی سے اہم ملاقات کی جس میں ایڈیشنل سیکرٹری محابت خان،ڈائریکٹر فیڈریشنز اعظم ڈار بھی موجود تھے،ملاقات کے دوران پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئرر خالد سجاد کھوکھر نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے حوالے سے پی ایچ ایف کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔بین الصوبائی سیکریٹری اکبر درانی کی جانب سے متعلقہ حکام کو فوری طور پر نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں نئے آسٹرو ٹرف کی تنصیب کے علاوہ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں قومی ہاکی ٹیم کو کیمپ کے دوران مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کیں.جس پر پی ایچ ایف صدر بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے بین الصوبائی سیکریٹری اکبر درانی کے ساتھ اظہار تشکرکرتے ہوئے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے حوالے سے حکومتی تعاون بے حد ضروری ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہمیشہ حکومت سے قومی کھیل کی ترقی و ترویج کیلئے مثبت توقعات رکھی ہیں۔انشاء اللہ پی ایچ ایف بین وزارت الصوبائی کے تعاون سے ہاکی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔