کیپ ٹائون (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک آخری ون ڈے میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر سیریز جیتنے کے لئے پراُمید ہیں۔کیپ ٹاؤن میں پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی کے ہمراہ ورلڈ کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آخری میچ جیت کر سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ میرے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہے، میگا ایونٹ میں تین ،چار ماہ باقی ہیں، کرکٹ کا ہر لمحہ بھرپور انجوائے کررہا ہوں۔شعیب ملک نے دورہ جنوبی افریقا کو ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ اہم ایونٹ ہے، تمام ممکنہ کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے قبل آزما رہے ہیں، گذشتہ دو سال سے پاکستانی ٹیم پرجوش کرکٹ کھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیریز کاآخری میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، کوشش کریں گے کہ جنوبی افریقا کو جلد آؤٹ کریں ، پھر امام اور بابر اعظم کی بیٹنگ فارم سے فائدہ اٹھائیں۔نسل پرستانہ جملوں پر آئی سی سی کی جانب سے سرفراز احمد کے خلاف چار میچوں کی پابندی کے بعد شعیب ملک کو بقیہ میچوں کیلئے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔جوہانسبرگ میں شعیب ملک کی قیادت میں پاکستان نے چوتھا ون ڈے 8 وکٹوں سے جیتا تھا۔