حمید کھتری کرکٹ‘ برائٹ جیم خانہ نے قریشی ڈولفن کو شکست دے دی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کے سی سی اے زونIIIکے زیر اہتمام جاری عبدالحمید کھتری کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 2میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں برائٹ جیم خانہ نے قریشی ڈولفن کو 177رنز اور حسین سی سی نے ظہیر عباس سی سی کو 170سے باآسانی شکست کی ہزیمت سے دوچار کیا۔ برائٹ جیم خانہ کیلئے حیدر بنگش اور سید علی نسیم نے پہلی وکٹ پر 135رنز جوڑے ۔رضوان خان نے 69رنز کی اننگز کھیلی۔ نعمت اﷲ نے 5کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ حسین سی سی کیلئے دوسری وکٹ پر فہد انجم اور عمران نے 131رنز کی رفاقت قائم کی۔ فرحان نے 5کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔کے جی اے جیم خانہ گراؤنڈ پر برائٹ جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 35اوورز میں 7وکٹوں پر 287رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔ پہلی وکٹ پر حیدر بنگش نے 61رنزمیں 6چوکے اورایک چھکا اورسید علی نسیم نے 48رنزمیں 2چوکے لگائے۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ پر 131رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔رضوان خان 69رنزمیں7چوکے اور 2بار گیند کو باؤنڈری لائن کے باہر پھینکااور اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے۔ محمد آفریدی کے 30رنز اسکور کئے۔ نصیر رضوان، سید محتشم، دانیال عابد اور محمد فضیل نے ایک ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔ قریشی ڈولفن کی جوابی اننگز 23.5اوورز میں 110رنز پر تمام ہوگئی۔ محمد شہریار 29رنز میں 4چوکے لگانے میں کامیاب رہے۔ نصیر رضوان 17، محمدمحتشم 13اور منہاج رضا 12رنز بناسکے۔ نعمت اﷲ آفریدی نے 32رنز پر 5حریف بیٹسمینوں کا کھاتہ بند کیا۔نسیم شیخ اور جمیل احمد ایمپائرز اور تیمور عالم اسکورر تھے۔آر ایل سی اے گراؤنڈ کورنگی پر حسین سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 35اوورز میں 7وکٹوں پر 294رنز اسکور کئے۔ فہد انجم نے 80رنز میں 9چوکے اور4چھکے جڑے جبکہ عمران نے 58رنز کی جارحانہ اننگز میں 6چوکے اور 4چھکے لگائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین دوسری وکٹ پر 131رنز سمیٹے گئے۔ شفقت نے 34رنز 3چھکوں اورایک چوکے کی مدد سے بنائے جبکہ شفیع اﷲکے 23رنز 3چوکوں اورایک چھکے کی مرہون منت تھے۔علی خان نے عمدہ بولنگ کی 54رنز پر 4مہرے کھسکائے۔ظہیر عباس سی سی کی ٹیم مطلوبہ ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی اورجوابی اننگز میں 27.4اوورز کا سامنا کرکے 8وکٹوں پر 114رنز ہی بناسکی۔ فیصل عباسی نے 5چوکے لگا کر 35رنز ، معین علی نے 4چوکوںکی مدد سے 28اور سکند خان 2چوکے رسید کرکے 16رنز اسکور بنانے میں کامیاب رہے۔ فرحان نے 31رنز کے عوض 5حریف بلے بازوں کو پویلین واپسی پر مجبور کیا۔ عبید عمر کو 29رنز پر 2وکٹ ملے۔ ایمپائرز متین شیخ اور اخترقریشی جبکہ آفیشل اسکورر وسیم محمدتھے۔

تعارف: newseditor