کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹیم کے کپتان بسمہ معروف اور ویسٹ انڈین کپتان میریسا ایگیولیرا نے ٹرافی کیساتھ فوٹو سیشن کرایا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی جب کہ قومی ٹیم کے کپتان بسمہ معروف اور ویسٹ انڈین کپتان میریسا ایگیولیرا نے ٹرافی کیساتھ فوٹو سیشن کرایا۔پریس کانفرنس کے دوران ویسٹ انڈین کپتان میریسا کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری بھرپور ہے، پاکستان کےساتھ سیریز دلچسپ ہوگی، پاکستانیوں کی مہمان نوازی شاندار ہے، دوسری ٹیموں کو بھی پاکستان میں کرکٹ بحالی کے متعلق سوچنا ہوگا، پاکستان آنے کے لیے کھلاڑیوں نے مشاورت کی، تمام کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا، پاکستان میں سکیورٹی انتظامات شاندار ہیں، ہمیں یہاں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔قومی ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے کہا کہ ہماری عالمی کپ ٹی ٹوئنٹی پر نظر ہے، ٹیم کی فزیکل فٹنس بہتر ہورہی ہے، بولنگ کی خامیوں کو دور کیا ہے، کسی دباو کا شکار نہیں ، مقابلوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، اچھی ٹیم کے ساتھ میدان میں اُتریں گے، ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے کیلیے بہت خوش ہیں، کپتان کی حثیت سے بہت ذیادہ پرجوش ہوں، ہوم کراوڈ کے سامنے کھیلنے کا شاندار موقع ہے، چاہتی ہوں کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں۔واضح رہے ٹی20 سیریز کا پہلا میچ کل ساوتھ اینڈ میں کھیلا جائیگا، دوسرا میچ یکم فروری اور تیسرا میچ تین فروری کو شیڈول ہے۔