کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)ویسٹ انڈیزویمن کرکٹ ٹیم نےدوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کوشکست دے کر تین میچوں کی سیریزدو صفر سے اپنے نام کرلی،سنسنی خیز میچ کا فیصلہ سپراوورمیں ہوا،سپراوور میں ویسٹ انڈیزنے پاکستان کوانیس رنز کا ہدف دیا تھا۔پاکستان ویمن اور ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی ٹائی ہو ا، پاکستان نے ویسٹ انڈیزکو 132 رنزکا ہدف دیاتھا۔دونوں ٹیموں نے مقررہ اوورزمیں 132 رنز بنائے۔کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، اوپنر عمیمہ سہیل صفر پر آؤٹ ہوئیں، دوسری وکٹ پر کپتان بسمہ معروف نے جویریہ خان کے ساتھ 59 رنز کی شراکت قائم کی۔بسمہ 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، جویریہ خان بھی مجموعی اسکور میں دو رنز کے اضافے سے پویلین لوٹیں ، اُن کی اننگز 26 رنز پر ختم ہوئی، ارم جاوید نے 18ر نز کی اننگز کھیلی۔پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے 42 رنز کا اضافہ کرکے پاکستان کا اسکور مقررہ اوورز میں چار وکٹ پر 132 رنز تک پہنچایا، ندا 25 اور عالیہ 23 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔جواب میں ویسٹ انڈیز وویمن کی اوپنرز نے 30 رنز جوڑے، ڈوٹن نے 22 رنز بنائے، کیسیا نائٹ 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔