جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ بہترین کھیل پیش کیا لیکن افسوس کہ ہم میچ نہ جیت سکے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جنوبی افریقا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 7 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔شکست کے بعد میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میچ ہمارے ہاتھ میں تھا لیکن آخر میں باؤنڈریز نہ لگنے سے ہار گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میچ کو بیسویں اوور سے پہلے ختم ہونا چاہیے تھا، بابراعظم بہترین کھلاڑی ہیں، بالنگ میں عماد اور شاہین نے اچھی کارکردگی دکھائی۔خیالر ہے کہ دوسرے ٹی ٹوینٹی میں قومی ٹیم 189 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی، بابر اعظم نے 90 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ حسین طلعت نے 55 رنز اسکور کیے بعد میں آنے والے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔جنوبی افریقہ نے بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دی تھی، ڈیوڈ ملر کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا۔