یوم یکجہتی کشمیر پر بیس بال میچ کا انعقاد

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کھیلے گئے بیس بال میچ میں پاکستان انڈر 15بیس بال ٹیم نے پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم کو10-9 سے ہرا دیا۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام پاکستان کی انڈر 15اور پنجاب یونیورسٹی کی بیس بال ٹیموں کے درمیان ایک بیس بال میچ عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن میں کھیلا گیا ۔ میچ کے مہمان خصوصی پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخرعلی شاہ تھے ۔ اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ پروموشن یوتھ بیس بال ڈاکٹر شاہین گلریز اور فیڈریشن کے لیگل ایڈوائز فخر امیر کاظمی بھی موجود تھے۔ شیخ مظہر احمد نے بتایا کہ میچ سے قبل شہدائے کشمیر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

قومی ترانے کے بعد دونوں ٹیموں کا مہمان خصوصی سے تعارف کروایا گیا۔ پاکستان انڈر 15ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کو میچ میں 9کے مقابلے میں 10رن سے شکست دی ۔ پاکستان انڈر 15ٹیم کی طرف سے سید محمد شاہ نے 3، جہاد خان نے 2جبکہ عاشر عظیم ، ولی عتیق ، زیشان، عقیل اور واحد نے ایک ایک رن بنا کر اپنا حصہ ڈالا۔ پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے عرفان اورگوہر رحمان نے 2 جبکہ فرمان اللہ ، غلام نبی ، کامران ، زوار اور احسان اللہ نے ایک ایک رن سکورکیا۔ شیخ مظہر احمد نے مزید بتایا کہ پاکستان انڈر 15بیس بال ٹیم نے اس سال چائنا میں ہونے والی ایشین انڈر 15بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کرنی ہے جس کا کیمپ عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن میں جنوری سے شروع ہے ۔ چیمپئن شپ کی ٹاپ 2ٹیمیں U15ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کریں گی ۔ شیخ مظہر احمد کے مطابق چیمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان انڈر 15ٹیم اگلے ہفتے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب اور یونیورسٹی آف لاہور کے ساتھ میچز کھیلے گی۔

تعارف: newseditor