کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پی ایس ایل سیزن فور کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی سیکیورٹی کے حوالے سے حکمتِ عملی تیار کرلی گئی ہے، رات کی تاریکی میں بھی ریکارڈنگ کرنے والے کیمرے نصب کیےجائیں گے۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن فور کے لیے کراچی میں تیاریاں عروج پر ہیں ، سیکیورٹی حکمتِ عملی کی تیاری کے سا تھ ساتھ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور اطراف میں کیمروں کی تنصیب کاکام شروع کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے تنصیب شدہ کیمروں کی مدد سے انکلوژرز،گراؤنڈ،پویلین اور اسٹیڈیم کےراستوں کی کیمروں سےنگرانی ہوگی۔جدیدکیمروں کےذریعےاسٹیدیم میں بیٹھےہرشخص کی نقل وحرکت مانیٹرہوگی۔یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ اسٹیڈیم کےباہرسےگزرتی ایک ایک گاڑی کوبھی مانیٹرکیا جائےگا۔ اس مقصد کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں90 سے زائدہائی ریزولیشن کیمروں کی تنصیب کاکام جاری ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کیمرےرات کی تاریکی میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتےہیں۔کیمروں کی مانٹیرنگ کے لیے اسٹیڈیم میں کمانڈاینڈکنٹرول روم بھی قائم کیاجائےگا، جس کی نگرانی ملک کے سیکیورٹی ادارے کریں گے۔گزشتہ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے سیکیورٹی ایکسپرٹ ڈیوڈ سنائر نے بھی پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھااور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کی سیکیورٹی سے مطمئن ہیں ، سیکیورٹی کا ہر پہلو سے جائزہ لیا گیا ہے۔پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے 17 مارچ تک ہوگا۔پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔لاہور میں ہونے والے میچز 9، 10 اور 12 مارچ کو ہوں گے جبکہ 7، 10، 13 اور 15مارچ کو میچز کراچی میں ہوں گے۔ پی ایس ایل فور کا فائنل 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔