دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) ستاروں کے جھرمٹ میں پاکستان سپر لیگ کا چاند چمکنے کیلئے تیار ہے۔ میگا ایونٹ کا آغاز رنگا رنگ اور پر وقار افتتاحی تقریب سے دبئی انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں آج شب پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے سے ہورہا ہے۔ پرجوش شائقین کرکٹ کے لئے ایونٹ کی شاندار تقریب میں کرکٹ اور شوبز کےاستارے جگمگائیں گے ۔ لیگ کا افتتاحی میچ 10.45کودفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور آخری نمبر پر رہنے والی لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جا ئیگا۔ پی ایس ایل میں دنیا کے مشہور کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ان میں جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز،آسٹریلیا کے شین واٹسن، انگلینڈ کے رائیلی روسو، نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی، ویسٹ انڈیز کے ڈیون براوو، کیرون پولارڈ ، کارلوس بریتھویٹ اور ڈیرن سیمی کے علاوہ پاکستان کے تمام بڑے اسٹار رنگ جمائیں گے۔ افتتاحی تقریب میں پاکستانی فنکاروں کے علاوہ ہالی ووڈ کے سپر اسٹار پٹ بل بھی اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔ لاہور قلندرز نےگذشتہ تینوں سال آخری نمبر حاصل کیا تھا لیکن اس بار محمد حفیظ کی کپتانی میں یہ ٹیم بلندیوں کو چھونے کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے 34 میں سے 26 میچز دبئی، شارجہ اور ابوظبی میں کھیلے جائیں گے۔ ابوظبی پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بنا ہے جہاں چار میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان سپر لیگ کا دوسرا مرحلہ پاکستان میں ہوگا جس میں لاہور تین میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے جن میں 17 مارچ کو ہونے والا فائنل بھی شامل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب پچھلے سالوں کے مقابلے میں اس سال مثالی ہوگی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ گذشتہ تین ایونٹس میں سے دو کی فاتح ہے۔ گذشتہ سال اس نے فائنل میں پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔ اس سال اسلام آباد یونائیٹڈ کو سابق کپتان مصباح الحق کی خدمات حاصل نہیں ہیں جو پشاور زلمی میں شامل ہوئے ہیں۔ یونائیٹڈ نے قیادت محمد سمیع کے سپرد کی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی سب سے بڑی امید نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی ہیں جنھوں نے گذشتہ پی ایس ایل میں انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 435 رنز بنائے تھے۔ اس مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اسکواڈ میں انگلینڈ کے ای این بیل، ویلز کے فل سالٹ اور افغانستان کے ظاہر خان کو شامل کیا ہے۔ سالٹ کا گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ریکارڈ خاصا متاثرکن رہا ہے۔ ان کے علاوہ حسین طلعت اور آصف علی بھی بیٹنگ لائن کا حصہ ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی بولنگ متوازن ہے جس میں شاداب خان، فہیم اشرف، محمد سمیع، رومان رئیس اور سمت پٹیل قابل ذکر ہیں۔ فہیم اشرف گذشتہ ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی کے وہاب ریاض کے ساتھ 18 وکٹیں لے کر سرفہرست رہے تھے۔ دو نوجوان کرکٹرز رضوان حسین اور موسیٰ خان بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔22سالہ رضوان حسین نے اس سال قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں 311 رنز بنائے ہیں جبکہ 18 سالہ موسیٰ خان نے انڈر19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پشاور زلمی دوسری پی ایس ایل کی فاتح تھی ۔ زلمی ایک مرتبہ پھر ویسٹ انڈین ڈیرن سیمی کی قیادت میں میدان میں اتر رہی ہے۔ پی ایس ایل کے سب سے کامیاب بیٹسمین کامران اکمل (929 رنز) اور سب سے کامیاب بولر وہاب ریاض (48 وکٹیں) بھی زلمی میں شامل ہیں جبکہ ویسٹ انڈین کیرن پولارڈ، آندرے فلیچر، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان اور ڈربی شائر کے بیٹسمین وین میڈسن کی موجودگی بھی زلمی کو تقویت دیتی ہے۔ پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کو شروع کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔اس پہلی بار ٹورنامنٹ ان کی عدم موجودگی میں ہو رہا ہے۔ پی ایس ایل نے پاکستان کرکٹ کو تین سالوں میں حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور فخر زمان جیسے کھلاڑی دیئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئینٹی فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ سے پاکستان کرکٹ کو مزید کھلاڑی ملیں گے۔