دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں شریک ٹیموں کے مالکان کیلئے قوانین سخت کردیئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ میں ڈگ آئوٹ اور ڈریسنگ روم میں بیٹھنے والے مالکان اور ان کے رشتے داروں کیلئے قوانین سخت کیے ہیں۔بورڈ نے چوتھے ایڈیشن میں شریک ٹیموں کے مالکان کو میچوں کے دوران باہر جانے سے روک دیا ہے اور انہیں ٹیلی فون استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی نے کہا کہ مالکان کا میچوں کے دوران باہر کی دنیا سے رابطہ ختم ہوجائے گا اور مینیجرز کا کردار بھی محدود کردیا ہے، اگر کسی ٹیم کا مالک ٹیم منیجر بھی ہے تو وہ میچوں کے دوران فون استعمال نہیں کرسکے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل میں کوئی بھی فرنچائز مالک اور اس کے رشتے دار پیشگی اجازت کے بعد ٹیم کے ڈگ آئوٹ اور ڈریسنگ روم میں بیٹھ سکتے ہیں جنہیں فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ڈگ آئوٹ میں بیٹھ کر مالک کا دنیا سے رابطہ منقطع رہے گا تاہم اس کیلئے انہیں 24 گھنٹے پہلے تحریری اجازت طلب کرنا ہوگی اور پی سی بی کے اینٹی کرپشن، اینٹی ڈوپنگ اور اینٹی ریسسزم کوڈ کی پابندی کرنا ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کے مالک اور منیجر رانا ثمین کو ڈگ آئوٹ میں فون استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔پی سی بی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اس سال سے مالکان کیلئے جو نیا کوڈ متعارف کرایا گیا ہے، اس کے تحت وہ فون استعمال نہیں کرسکیں گے جو مالک یا اس کا رشتے دار ڈگ آئوٹ میں آنے کیلئے ہوٹل سے ٹیم بس میں سوار ہوکر گراونڈ آئیگا اپنا فون جمع کرائے گا اور میچ کے دوران اسے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی میچ کے بعد وہ بس ہی میں ہوٹل واپس جائے گا۔پی سی بی کے اینٹی کرپشن اینڈ ویجلنس عملے کو 24 گھنٹے پہلے اجازت لینا ہوگی۔