ڈربن ٹیسٹ،کوسل پریرا نے جنوبی افریقہ کے منہ سے فتح چھین لی

ڈربن (سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکا نے کوسل پریرا کی شاندار بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف ایک وکٹ سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ڈربن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 235 رنز بنائے تھے جبکہ سری لنکا کی پوری ٹیم کو صرف 191 رنز تک محدود کرکے برتری حاصل کرلی تھی تاہم سری لنکا نے میزبان ٹیم کو دوسری اننگز میں 259 رنز پر آؤٹ کرکے ہدف کو 304 رنز تک محدود کردیا تھا۔سری لنکا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے 42 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا تاہم دیگر بلے باز جلدی آؤٹ ہوتے گئے اور ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔کوسل پریرا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا حالانکہ 5 بلے باز 110 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے۔دھنانجیا ڈی سلوا نے 48 رنز بنا کر ایک مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا لیکن 206 کے مجموعے پر وہ 48 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ ایمبولدینایا 4 اور راجیتھا صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ نے سری لنکا کی 9 وکٹیں 226 رنز پر حاصل کرلی تھیں لیکن کوسل پریرا نے مرد بحران کا کردار ادا کرکے ان سے جیت چھین لی۔

آخری وکٹ میں کوسل پریرا نے فرنانڈو کے ساتھ مل کر 78 رنز کی شراکت قائم کی اور ناقابل شکست 153 رنز کی اننگز کھیل کر 304 رنز کا ہدف حاصل کرکے میچ کو ایک وکٹ سے جیت لیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے مہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ڈیل اسٹین اور اولیویئر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔کوسل پریرا کو ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تعارف: newseditor