بھارت ایک بار پھر کھیل کو سیاست میں لے آیا،بڑا فیصلہ کردیا

نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی حکومت نے اپنے عوام سے کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کا حق چھینتے ہوئے اندرون ملک پاکستان سپر لیگ کے میچز دکھانے پر پابندی لگادی۔پی ایس ایل میچز بھارت میں دکھانے کے لیے ڈی اسپورٹس چینل نے مالکانہ حقوق خریدے تھے اور ایونٹ کی افتتاحی تقریب سمیت 3 میچز چینل پر براہ راست نشر کیے گئے تھے۔بھارتی حکومت کے دباؤ پر براڈ کاسٹر نے پی ایس ایل کا گزشتہ رات بلیک آؤٹ کرتے ہوئے لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان پانچواں میچ نشر نہیں کیا، اس سے قبل چینل پر اس میچ کی پروموشن کی جاتی رہی تھی۔پی ایس ایل میچز براہ راست امریکا اور کینیڈا میں دکھانے کے لیے ویلو ٹی وی جب کہ بھارت میں ڈی اسپورٹس اور برطانیہ میں نشریات کے لیے ہم مصالحہ نے حقوق حاصل کیے تھے۔دوسری جانب کرکٹ کلب آف انڈیا نے بھی حکومتی دباؤ میں آکر کرکٹر عمران خان کی تصویر اپنی گیلری سے ہٹا دی۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 44 بھارتی سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کی خود کش حملے میں ہلاکت کے بعد بھارت کی جانب سے مسلسل پاکستان پر الزام تراشی کی جارہی ہے۔بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلے نے پاکستان کو حاصل موسٹ فیور نیشن ( ایم ایف این) کا اسٹیٹس واپس لینے کا یکطرفہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی درآمدات پر 200 فیصد کسٹم ڈیوٹی چارج کی جائے گی۔

تعارف: newseditor