دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 158 رنز کا ہدف دے دیا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔شین واٹسن کے ناقابل شکست 81 رنز نے کوئٹہ کو مسلسل دوسری فتح دلائی۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر اسلام یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔یونائیٹڈ کی جانب سے مایوس کن آغاز کیا گیا اور ابتدائی دو بلے باز صفر رنز پر پویلین لوٹ گئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے
اسلام آباد الیون کی جانب سے وائن پارنل نے 41، آصف علی 36 اور حسین طلعت 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے 4 اور فواد احمد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر شین واٹسن نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم احمد شہزاد ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف دو رنز بناکر پویلین لوٹے۔واٹسن اور عمر اکمل کے درمیان اچھی شراکت داری قائم ہوئی اور دونوں نے تیزی سے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ عمر اکمل44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد کپتان سرفراز احمد کریز پر آئے اور پھر کوئٹہ کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ سرفراز نے 16 گیندوں پر 15 رنز بنائے جبکہ شین واٹسن 81 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔