انڈر 19 ورلڈ کپ ; بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

 

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے

بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا،

جنوبی افریقہ کا 245 رنز کا ہدف بھارتی ٹیم نے 48.5 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا، بھارتی کپتان اودے سہارن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

منگل کو ویلومورے پارک بینونی میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میزبان جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے،

اوپنر لوہان ڈرے پریٹوریس نے 76 اور رچرڈ سلیٹسوانے نے 64 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان جوان جیمز 24 اور اولیور وائٹ ہیڈ 22 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ ٹریسٹان لس 23 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔

بھارت کی طرف سے راج لمبانی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، مشیر خان نے 2، نمان تیواری اور ساومے پانڈے نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بھارت نے جنوبی افریقہ کا 245 رنز کا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد 48.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بھارت نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا جب اس کے ابتدائی 4 مستند بلے باز 32 کے سکور پر پویلین لوٹ گئے،

اس موقع پر کپتان اودے سہارن اور سچن داس نے مشکلات سے دوچار ٹیم کو سنبھالا ،دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ میں 171 کی پارٹنر شپ قائم کرکے اپنی ٹیم کو فتح کی پوزیشن پر لاکھڑا کیا،

203 کے مجموعی سکور پر بھارت کی پانچویں وکٹ گری جب سچن 96 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد نئے آنے والے دو بیٹرز جلد پویلین لوٹ گئے،

کپتان اودے سہارن 244 کے سکور پر 81 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آئوٹ ہوئے جبکہ راج لمبانی 13 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے کیوانا مفاکا اور تریستان لس نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان اودے سہارن کو شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

error: Content is protected !!