کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 4 کے پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشار زلمی کے غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں۔جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم انتظامیہ نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کا بلوچی پگ پہنا کر شاندار استقبال کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں سپر اسٹار شین واٹسن سمیت ڈی جے براوو، رائیلی روسو، ڈیوین اسمتھ، ہیری گرنی اور مینٹور سر ویوین رچرڈز بھی شامل ہیں۔ادھر پشاور زلمی کا اسکواڈ بھی ڈیرن سیمی کی قیادت میں آج صبح کراچی پہنچ گیا ہے۔دبئی سے کراچی پہنچنے پر چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے آٹھ میچ کرانا تاریخی موقع ہے، یہ انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں بڑا قدم ثابت ہوں گے اور وہ دن دور نہیں جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔انہوں نے پی ایس ایل کے شاندار انتظامات اور سیکیورٹی پر پی سی بی، وفاقی و صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان آنے والے تمام فرنچائزز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مہمان اور ہیرو ہیں۔