کراچی (اسپورٹس رپورٹر) شہزر حسن اور حمزہ قاسم کی شاندار سنچریوںکی بدولت شاہی باغ سی سی نے ناظم آباد جیم خانہ ’بی‘ کو 230رنز کی واضح شکست سے دوچار کرکے فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ ، زونVIIمیں یکطرفہ کامیابی حاصل کی۔دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر 250رنز کی رفاقت قائم کی۔دوسرے میچ میں پاک کریسنٹ نے پاک سورتی کیخلاف 5وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔خضر خالد نے نصف سنچری اسکور کی ۔اناظم آباد جیم خانہ گراؤنڈ پر شاہی باغ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40اوورز میں 4وکٹوں پر 326رنز کا بھاری بھرکم مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا ۔شہز ر حسن نے 146رنز کی اننگز میں 24چوکے رسید کئے۔ جبکہ حمزہ قاسم کی 102رنز کی اننگز میں 8چوکے شال تھے۔ دونوںکھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر 250رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی۔انس جاوید نے 47رنز میں 6چوکے لگائے۔ محمد عالم اور محمد احمدکو ایک ایک وکٹ ملی۔ناظم آباد جیم خانہ ’بی‘ کی پوری ٹیم 28.2اوورز میں 96رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بلال خان نے 16، عبداﷲ عالم نے 14اور بلال خان 10رنز کے ساتھ ڈبل فیگر اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ سعد بن یوسف نے 20رنز پر 3کھلاڑیوں کو چلتا کیا جبکہ ذیشان ناظر اور حمزہ قاسم کو 2,2وکٹ ملے۔ایمپائرز طاہر رشید اور آل حیدراور آفیشل اسکوررعمران علی تھے۔آصف آباد گراؤنڈ پر پاک سورتی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 37.1اوورز میں 167رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ ظہیر احمد نے 4چوکے اور ایک چھکا لگا کر 38رنز اسکور کئے۔ اصغر بابر نے 3چوکے کی بدولت 36رنز بنائے۔ محمد راشد کے 29رنز میں 4چوکے شامل تھے۔لطیف احمد، حمدان جاوید اورشایان احمدنے 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔پاک کریسنٹ نے مطلوبہ ہدف 37.1اوورز میں 5وکٹوں پر 168رنز بنا کر حاصل کرلیا۔خضرخالد کے 58رنز 5چوکوں اورایک چھکے کی مرہون منت تھے۔شایان احمد نے 4چوکے اور ایک چھکا لگا کر 40رنز بنائے۔ عون عباس کے 26رنز میں ایک چھکا شامل تھا۔خاور عباس اور ظہیر احمد نے 2,2مہرے کھسکائے۔۔ ایمپائرز محمد اصغر اور شاہد اسلم جبکہ مستجب عالم آفیشل اسکورر تھے۔