پاکستان اورآسٹریلیا کے مابین پانچ میچز کی ون ڈے سیریز 22 مارچ سے شروع ہوگی

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور ورلڈ چمپئن آسٹریلیا کے مابین پانچ میچز کی ون ڈے سیریز 22مارچ سے یو اے ای میں شروع ہوگی جس میں شرکت کے لئے قومی ٹیم کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی مختلف پروازوں کے ذریعے منگل کی صبح یو اے ای پہنچ گئے۔ سرفراز احمد کی جگہ شعیب ملک 16رکنی پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ سرفراز احمد کو آرام دیکر کپتانی شعیب ملک کے سپرد کی گئی تھی۔آسٹریلیا کیخلاف پانچ ون ڈے میچز22،24،27، 29 اور 31 مارچ کو یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔ اعلان کردہ پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود، امام الحق، عابد علی، حارث سہیل، سعد علی، عمراکمل، شعیب ملک کپتان، محمد رضوان، عماد وسیم، یاسر شاہ، محمد عباس، محمد عامر، جنید خان، فہیم اشرف، عثمان شنواری اور محمد حسین شامل ہیں۔قومی ٹیم میں سرفراز احمد کے علاوہ مزید پانچ کھلاڑیوں کو بھی آرام دیا گیا ہے جن میں فخرزمان، بابر اعظم، حسن علی، شاداب خان اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں عمراکمل، حارث سہیل، جنید خان اور یاسر شاہ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ڈیبیو کے منتظر عابد علی، سعد علی اور محمد عباس سمیت پاکستان سپر لیگ میں 150 کی رفتار سے گیند کروانے والے محمد حسنین بھی ٹیم میں شامل ہیں ۔سرفراز احمد کی جگہ کپتان مقرر ہونے والے شعیب ملک 279 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں ۔وہ اس سے قبل 38ون ڈے میچز میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کرچکے ہیں جس میں ٹیم نے 25ون ڈے جیتے تھے اور 13ہارے تھے ۔شعیب ملک نے ون ڈے میچز میں 7379سکور کیا ہے جس میں 9سنچریاں شامل ہیں جبکہ بولنگ میں وہ 156وکٹیں لے چکے ہیں۔

تعارف: newseditor