کراچی (اسپورٹس رپورٹر) بقائی ڈولفن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیولیئر اسپورٹس کیخلاف 177رنز کا ہدف مقررہ اوورز کی آخری گیند سے قبل حاصل کرکے ایک وکٹ سے فتح کو یقینی بناکر عبدالحمید کھتری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلہ میں اپنی نشست کو کنفرم کرلیا۔ فاتح ٹیم کے عنایت اﷲ نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی 3وکٹ لئے اور 25رنز بھی اپنے کھاتے میں درج کرائے۔ناکام سائیڈ کے راجہ عرفان کی نصف سنچری اور 3وکٹیں ان کی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکیں۔بقائی گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیولیئر اسپورٹس نے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 176رنز سمیٹے۔ راجہ عرفان نے شاندار بیٹنگ کی اور 8چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 69رنز کی دلکش اننگز تراشی، شہروز کلیم نے 24رنز میں 3چوکے رسید کئے ۔فضل محمد اور ابوبکر نے 18,18رنز کی اننگز کھیلی۔ کامران رشید نے 16رنز اسکور کئے۔ عنایت اﷲ نے 17رنز اور وجاہت احمد نے 23رنز پر 3,3حریف بلے بازوں کو کریز چھوڑنے پر مجبور کیا۔ بقائی ڈولفن نے مطلوبہ ہدف کو اس وقت حاصل کرلیا جب مقررہ اوورز سے ایک گیندقبل چوکا لگا کر 179رنز کے ساتھ ایک وکٹ سے کامیابی اپنے نام کرلی گئی۔ وجاہت احمد نے 4چوکوں اورایک چھکاجبکہ ظہیرحسین نے اتنے ہی رنز میں 2چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ عنایت اﷲنے 25رنز میں 2چوکے لگائے۔ راجہ عرفان نے 24رنز اور کامران رشید نے 28رنز میں 3,3کھلاڑیوں کو میدان سے رخصت کیا۔ جلال اکبر اور غلام محمد ایمپائرز جبکہ محمد منہاج آفیشل اسکورر تھے۔