لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان جاری پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈیسکون ،پی ٹی وی، ،تھری ڈی ماڈلنگ اور نیٹسول نے پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کر لی ۔ٹائون شپ وائٹس کرکٹ گرائونڈ اور ماڈل ٹاون وائٹس کرکٹ گرانڈ میں پہلے رائونڈ کے مزید تین میچز کھیلے گئے۔ ماڈل ٹائون وائٹس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں تھری ڈی ماڈلنگ نے سٹوورٹ الیون کو6وکٹوں سے شکست دی۔ سٹوورٹ الیون کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 95رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سہیل علی نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو پولین روانہ کیا ۔ تھری ڈی ماڈلنگ نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔ بہترین کارکردگی پر تھری ڈی ماڈلنگ کے سہیل علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ماڈل ٹائون وائٹس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پی ٹی وی کی ٹیم نے یو بی ایس الیون کو 81 رنز سے ہرادیا۔
پی ٹی وی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔ عدنان ملک نے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔یو بی ایس الیون کے مبشر زاہد نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں یو بی ایس کی ٹیم 111 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عدنان ملک نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بہترین آل رائونڈر پرفارمنس دکھانے والے عدنان ملک کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ ٹائون شپ وائٹس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے واحد میچ میں ڈیسکون نے آئی سی آئی کو 123 رنز سے شکست دی۔
ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ رانا طاہر نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ سید مجاہد نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں آئی سی آئی کی ساری ٹیم 98 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی ۔ اویس مغل نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ شاندار سنچری سکور کرنے پررانا طاہر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔پلے آف مرحلے میں کوالیفائر اور ایلمنیٹر پی ایس ایل کی طرز پر ہوں گے ۔