رائزنگ اسٹار ٹرافی‘ ملیر جیم خانہ کی کوارٹر فائنل میںنشست کنفرم

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ملیر جیم خانہ نے پاک شاہین کو مکمل آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 201رنز کی واضح شکست سے دوچار کرکے رائزنگ اسٹار انوی ٹیشن ٹرافی کے کوارٹر فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔ عماد عالم نے 167رنز کی دھواںدھار اننگز میں 14چھکے اور 9چوکے جڑدئے۔ پہلی وکٹ پر عاریز کمال کے ہمراہ 199رنز کی رفاقت بھی قائم کی۔ عاریز کمال نے نصف سنچری بنائی او ر3وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔ناکام سائیڈ کے سید نذر محمد نے 39رنز اور سعود فاروقی کی 3وکٹیں کارگر ثابت نہ ہوسکیں۔میچ کے اختتام پرکرکٹ آرگنائزر نہال فاروقی نے عماد عالم کو بائیو ریکس فارماسیوٹیکل مین آف دی میچ کیش ایوارڈ دیا۔ رائزنگ اسٹار ، کے سی سی اے زونIVکے زیر اہتمام جاری ایونٹ میں آر ایل سی اے گراؤنڈ کورنگی پر ملیر جیم خانہ نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 38.4اوورز میں 343رنز بنا کر پویلین کا رخ کیا۔ اوپنر عماد عالم نے انتہائی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 82گیندوں پر 167رنز کی عمدہ اننگز تراشی جو 14چھکوں اور9چوکوں سے سجی تھی۔ جبکہ عاریز کمال کے ساتھ پہلی وکٹ پر 199رنز کی شراکت داری بھی نبھائی۔ عاریز کمال نے 10چوکوں کی مدد سے 69رنز کی زمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ عاطف علی زیدی 32 اور دانیال احسن نے 20رنز کا حصہ ڈالا۔ سعود فاروقی نے 53رنز کے عوض 3شکار کئے ۔ سید نذر محمد نے 2وکٹوں کے عوض 80رنز دئے۔ پاک شاہین سی سی کی جوابی اننگز مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 142رنز پر سمٹ گئی۔ سید نذر محمد 39، سید فرمان 35اور محمد عادل 24رنز کے ساتھ بھرپور مزاحمت کرتے نظر آئے۔ عاریز کمال نے 16رنز پر 3کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا ۔ اسد اﷲ نے بھی 29رنز کے عوض 3وکٹیں اپنے نام کیں ۔ محمد اسد کو 2وکٹیں 4رنز کے عوض حاصل ہوئیں۔آج (جمعرات) پہلا کوارٹر فائنل ملیر جیم خانہ اور اعظم اسپورٹس کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ ماڈل سی سی اور ایئرپورٹ اسٹار پری کوارٹر فائنل میں مدمقابل ہونگی۔

تعارف: newseditor