کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام انٹرسٹی فٹبال چمپئن شپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 15اپریل 2019کو کراچی اور ٹنڈوجام میں کھیلا جائے گا۔ کراچی کی تین ٹیموں کراچی ریڈ، کراچی گرین اور کراچی وائٹ کے ٹرائیلز بالترتیب سکسٹین اسٹار گراؤنڈ، کے ایم سی اسٹیڈیم اور ال شہزاد اسٹیڈیم ملیر پر 7تا9اپریل بوقت 3تا6بجے شام ہونگے جبکہ حیدرآباد، سکھر اور جیکب آباد کیلئے ٹنڈو جام اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ چیف کوارڈنیٹر سندھ ناصر کریم بلوچ کے مطابق کراچی ریڈ کے کوارڈنیٹر ریاض احمد، کراچی گرین کے اﷲ بخش اور کراچی وائٹ کے عبدالرسول جبکہ حیدرآباد کے کوارڈنیٹر انور خانزادہ، سکھر کے اسفندیار منگھی اور جیکب آباد کے علی بہار بروہی ہونگے۔ 3روزہ ٹرائیلز کے بعد مذکورہ ٹیموں کے 20,20رکنی دستہ کا اعلان کیا جائے گا جبکہ 5میچ آفیشلز ہونگے۔منتخب ٹیموں کیلئے تربیتی کیمپ کا بھی انعقاد کیا جائیگا۔15اور 16اپریل کو کراچی اور سندھ کی ٹیموںکا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا جائیگا۔ کراچی اور سندھ کی 3,3ٹیموں کے 2گروپ بنائے جائیں گے ۔جن کے مابین سنگل لیگ کی بنیاد پر پر مقابلے ہونگے ۔ دونوں گروپ کی ایک ایک ٹاپ ٹیم فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرے گی جو 22اپریل تا 3مئی 2019اسلام آباد /بہاولپور/ملتان میں کھیلے جائیں گے۔سکسٹین اسٹار گراؤنڈ پر ہونے والے اوپن ٹرائیلز میں ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ سینٹرل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی سید خورشید شاہ ،کے ایم سی اسٹیڈیم پر اﷲبخش اور ال شہزاد اسٹیڈیم جام کنڈہ ملیر پر عبدالرسول کو رپورٹ کریں۔