اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)دونوں مصری کھلاڑیوں نے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں میں مردوں اور خواتین کے ٹائٹلزاپنے نام کر لئے ۔ مصطفیٰ اصال نے چیف آف دی ائیر سٹا ف۔سیرینا ہوٹلز انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ جبکہ ان کی ہم وطن فریدہ محمد نے سیرینا ہوٹلز ۔کونڈورپاکستان انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا ۔ پاک فضائیہ کے سربر اہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے ۔ ائیر چیف نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ مصر کے سفیر احمد فضل یعقوب ، اعلیٰ حاضر سروس افسران، سابقہ ورلڈ چیمپئن قمر زمان اور سرینا ہوٹلز کے چیف ایگزیکٹیو عزیز بولانی کے علاوہ سکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔چیف آف دی ائیر سٹا ف۔سیرینا ہوٹلز انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے مردوں کی کیٹیگری کے فائنل میں مصر کے مصطفیٰ اصال نے ہم وطن یوسف سلیمان کو شکست دے دی۔یوسف سلیمان میچ کے آغاز میں اپنے حریف پر حاوی رہے اور پہلی گیم 11/8 سے جیت لی۔انہوں نے دوسری گیم 11/7 سے جیت کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ تیسری گیم میں مصطفیٰ اصال نے اپنے حریف کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور 11/2 سے یہ گیم جیت کرمیچ میں جان ڈال دی۔چوتھی گیم میں بھی مصطفی نے بہترین کھیل پیش کیا اور اپنے ہم وطن حریف کو11/1 سے شکست دے کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ پانچویں اور فیصلہ کن گیم مصطفی اصال نے 11/7 سے جیت کرٹرافی اپنے نام کر لی۔ یہ دلچسپ میچ 70 منٹ تک جاری رہا۔سیرینا ہوٹلز ۔کونڈورپاکستان انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے خواتین کی کیٹیگری کا فائنل مصر کی فریدہ محمداور سویٹزر لینڈ کی سنڈی مرلو کے درمیان کھیلا گیا۔ فریدہ محمد نے پہلی گیم 11/8 سے جیت لی ۔ سنڈی نے دوسری گیم 11/9 سے جیت کر میچ میں واپسی کی کوشش کی تاہم فریدہ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلی دونوں گیمز 11/9 اور 11/5 سے جیت کر چیمپئین شپ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔یہ مقابلہ 33 منٹ تک جاری رہا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن نے یہ بین ا لاقوامی مقا بلے پاک فضائیہ، سیرینہ ہوٹل اورکونڈور پاکستان کے مشترکہ تعاون سے منعقد کرو ۱ ئے ۔ مردوں کے مقابلے میں تیس ہزار ڈالرز جبکہ خواتین کے مقابلوں کی انعامی رقم دس ہزارڈالرز رکھی گئی۔اس چیمپئین شپ میں اسکواش کے مایہ ناز ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔