کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام انٹر سٹی فٹبال چمپئن شپ ، کراچی میں تین روزہ ایونٹ 17تا19اپریل نیا ناظم آباد فٹبال اسٹیڈیم کی سرسبز فیلڈ پر کھیلا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل اورڈسٹرکٹ ویسٹ کے کھلاڑیوں پر مشتمل کراچی ریڈ اور کراچی وائٹ جس میں ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ملیر کے کھلاڑی شامل ہیں 17اپریل کو افتتاحی میچ میں مدمقابل ہونگی۔18اپریل کو ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے کھلاڑیوں پر تشکیل دی گئی کراچی گرین کا مقابلہ افتتاحی میچ کھیلنے والی رنر اپ سے ہوگا جبکہ 19اپریل کو کراچی گرین اور افتتاحی میچ کی ونر ٹیم کے مابین مقابلہ ہوگا۔ تمام مقابلے نیا ناظم آباد فٹبال اسٹیڈیم پر ساڑھے 4بجے شام کھیلے جائیں گے۔ جملہ ٹیمیں اپنے میچوں میں ساڑھے 3بجے شام میچ کمشنر کو رپورٹ کریں گی۔چیف کوارڈنیٹر سندھ ناصر کریم بلوچ نے سابق قومی کپتان علی نواز بلوچ کو میچ کمشنر اور استاد عبدالطیف بلوچ کو ریفری ایسیسرمقرر کیا ہے۔ افتتاحی میچ میں فٹبال کی نامور شخصیات کے ہمراہ عارف حبیب، گروپ ہیڈ عارف حبیب گروپ ‘ سی ای اونیاناظم آباد عبدالصمد حبیب،صدر نیا ناظم آباد جیم خانہ محمد طلحہ اور منیجر اسپورٹس نیا ناظم آباد، خالد یاسین ، گراؤنڈ انچارج نیا ناظم آباد نیشنل کوچ سید ناصر اسمٰعیل ودیگر شخصیات کی آمد متوقع ہے۔واضح رہے کہ اندرونی سندھ کا راؤنڈ جو جیکب آباد ، حیدرآباد اور سکھر پر مشتمل ہے 16تا18اپریل ٹنڈو جام ایگریکلچر یونیورسٹی کی سرسبز فیلڈ پر کھیلا جائے گا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے انورخانزادہ کو ایونٹ انچارج مقرر کیا ہے۔