کراچی (اسپورٹس رپورٹر) نیشنل انٹرسٹی فٹبال چمپئن شپ کراچی سینٹرپر تیسرے اور آخری روز کراچی گرین نے کراچی وائٹ کو 3-0سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرکے بحیثیت گروپ چمپئن فائنل کا ٹکٹ اپنے نام کیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے زین العابدین ، بابا بورل اور گل زیب نے ایک ایک بار گیند کو جال میں ڈالا۔میچ سے قبل اسفندیار منگھی، کوارڈنیٹر سکھر وائٹ اور ڈائریکٹر اسپورٹس سکھر کا بحیثیت مہمان خصوصی تعارف کرایا گیا۔انکے ہمراہ گوہر رضا ، اسپورٹس آفیسر ، آئی بی اے یونیورسٹی، رکن فیڈریشن جمیل ہوت، نیشنل کوچ سید ناصر اسمٰعیل ، کوارڈنیٹر کراچی ریڈ ریاض احمد، کوارڈنیٹر کراچی وائٹ عبدالرسول، کوارڈنیٹر کراچی گرین اﷲ بخش بلوچ ، سابق سیکریٹری ملیر حمید اﷲ بلوچ ، استاد مبین، نوابشاہ، کراچی ریڈ کے منیجر حمید اﷲ اور ہیڈ کوچ اکبر شیخ ، انٹرنیشنل اسٹرائیکر آغا سعید ودیگر بھی موجود تھے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام نیا ناظم آباد کے خوبصورت اور سرسبز فتبال اسٹیڈیم پر کراچی گرین اور کراچی وائٹ کے مابین سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا ۔8ویں منٹ میں کراچی گرین زین العابدین کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ کھولنے میں کامیاب رہی۔وقفہ پر کراچی وائٹ 0-1کے خسارے میں تھی دوسرے ہاف میں کراچی گرین نے مزید بہتر کارکردگی دکھائی اور 65ویں منٹ میں بابا بورل اور 84ویں منٹ میں گل زیب نے یکے بعد دیگو گول بنا کر فاتح ٹیم کی برتری کو مستحکم کردیا۔ کراچی وئٹ دوسرے اور کراچی ریڈ تیسرے نمبرپر رہی۔ٹنڈو جام سینٹر پر جیکب آباد نے پہلی پوزیشن کے ساتھ فائنل راؤنڈ کا ٹکٹ حاصل کیاجبکہ حیدرآباد اور سکھر کو بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل ہوئی۔ کوارڈنیٹر ریاض احمد کے مطابق فائنل راؤنڈ25اپریل سے لاہور میں متوقع ہے ۔ جہاں سندھ ریجن سے کراچی گرین اور جیکب آباد کی ٹیمیں دیگر ٹیموں کے ساتھ باہم مقابل ہونگی ۔ریفری یونس لعل، محمد یوسف، محمد آصف فوتھ آفیشل اعظم ، ریفریز ایسیسرعبدالطیف بلوچ اور میچ کمشنر اﷲبخش بلوچ تھے۔