لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) فٹ بال کے معروف برطانوی کھلاڑی آئن رش اور نامور برطانوی باکسر سپنسر فیرون سمیت 7رکنی وفد نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور سے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی، وفد میں یائیسہ ریکارڈوسمز، سموئیل جان ڈی لاہائے، کیرول فلومینا انتھونی، راج شاہ، سعد محمد سلیم واڈیا، اور لائزن آفیسر بلال بیگ مرزا شامل تھے، وفد کے سربراہ آئن رش نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں،ان کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے فٹ بال اور باکسنگ کے فروغ اور ترقی کے لئے پاکستان میں آئن رش اکیڈمی قائم کرنے کے خواہاں ہیں ، پاکستانی سپورٹس سے محبت کرنیوالی قوم ہے۔سپورٹس بورڈ پنجاب کا وسیع انفراسٹرکچر دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ۔صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی، سیکرٹری سپوڑٹس پنجاب ندیم محبوب اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ فٹ بال اور باکسنگ اکیڈمی کے قیام کے لئے مکمل تعاون کریں گے
صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں جو اس بات کو ثبوت ہے کہ پاکستان سپورٹس کے لئے محفوظ ملک ہے، فٹ بال اور باکسنگ کی اکیڈمی کے قیام کے لئے آئن رش اکیڈمی سے مکمل تعاون کیا جائے گا ، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئن رش جیسے معروف فٹ بالر کا پاکستان میں اکیڈمی قائم کرنا اعزاز کی بات ہے، آئن رش فٹ بال اینڈ باکسنگ اکیڈمی کے قیام سے ان کھیلوں کو فروغ ملے گا اور نئے کھلاڑی تیار ہوں گے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے غیرملکی کھلاڑیوں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے
پنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے، آئن رش کی وفد سمیت پاکستان آمد تازہ ہوا کا جھونکا ہے، آئن رش لیور پول کے نامور کھلاڑی رہ چکے ہیں ان کے تجربے سے ہمارے نوجوان بہت کچھ سیکھیں گے۔وفد نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی، سیکرٹری سپوڑٹس پنجاب ندیم محبوب اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم، پنجاب سٹیڈیم اور پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔