لیثررلیگز انٹرا سٹی ، کراچی سینٹرکے کوالیفائنگ راؤنڈ 27اپریل سے کھیلے جائیں گے

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ورلڈ گروپ کے زیر اہتمام لیثررلیگز انٹرا سٹی چمپئن شپ ، کراچی سینٹر کے مقابلے 27تا28اپریل کے ایم سی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔کراچی چمپئن کا اعزازحاصل کرنے کیلئے 72ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔ 38,38ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔گروپ ’اے‘ اور گروپ ’بی‘ کی 4,4باٹم لائن پر موجود ٹیموں کو ایک ایک میچ ایکسٹرا کھیلنا ہوگا۔ دوسرے مرحلہ میں 32ٹیموں کو اسٹریٹ ناک آؤٹ مقابلے کے ذریعہ فائنل کا ٹکٹ ملے گا۔ فائنل جیتنے والی ٹیم نیشنل چمپئن شپ کا حصہ بنے گی۔ نیشنل چمپئن شپ کی فاتح ٹیم کو دوسرے سوکا ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع ملے گا جو 12تا20اکتوبر 2019یونان کے شہر کریٹ میں کھیلا جائے گا۔ جہاں دنیا بھر سے آئی ہوئی مختلف ممالک کی ٹیمیں شامل ہونگی۔ گذشتہ سال پُرتگال کے شہر لسبن میں ہونے والے پہلے سوکا ورلڈ کپ میں دنیائے فٹبال کی 32ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ رشیا نے پُرتگال کو شکست دے کرافتتاحی سوکا ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا ناقابل فراموش ریکارڈ قائم کیا تھا۔ورلڈ گروپ کے چیئرمین محمود ٹرنک والا نے پاکستان کے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع فراہم کرکے ان میں موجود پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھارنے کا شاندار موقع فراہم کیا جو کسی بھی کھلاڑی کا خواب ہوسکتا تھا انہوں نے اس کی تکمیل کرکے ان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کیا۔ٹرنک والا فیملی نے پاکستان کے 70سے زائد شہروں میں لیثررلیگس کے مقابلے بغیر کوئی معاوضہ لئے منعقد کرائے ۔ملک کے بڑے شہروں کے ساتھ پسماندہ علاقوں میں بھی فٹبال کھیل کی رونقیں بحال کیں جو یاد ماضی بن چکی تھیں۔ پاکستان کا ہر فٹبال لورز ٹرنک والا فیملی کے فروغ فٹبال کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو وہ نوجوان کھلاڑیوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کررہے ہیں۔انٹرسٹی چمپئن شپ کے نہ صرف کراچی سینٹر میں مقابلوں کا اہتمام کیا جارہا ہے بلکہ پاکستان کے 70سے زائد شہروں میں بھی لیثررلیگز کے مقابلے سٹی چمپئن نکالنے کیلئے منعقد کرائے جارہے ہیں ۔ ماہ جولائی میں نیشنل چمپئن شپ کا کراچی میں انعقاد کیا جائے گا۔اور پھر نیشنل چمپئن شپ کی فاتح ٹرافی حاصل کرنے والی ٹیم بحیثیت نیشنل چمپئن دوسرے سوکا ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے یونان کے شہر کریٹ کا رخ کرے گی اور دنیائے فٹبال کی عظیم ٹیموں کے ساتھ نبردآزما ہونے کا اعزاز حاصل کرے گی۔

تعارف: newseditor