لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے تیاری بہت اچھی ہے۔قومی ٹیم اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے جہاں وہ 5 مئی کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ کل کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلا جائے گا۔قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف دو ایک روزہ اور ایک پریکٹس میچ جیت چکی ہے۔انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم میں محمد عامر کو شامل کرنے کا فیصلہ گیا ہے جب کہ محمد یاسر کو آرام دیا جائے گا۔کارڈف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے تیاری بہت اچھی ہے، ٹیم نے سیریز سے قبل دو ون ڈے اور ایک ٹی 20 ٹور میچ کھیلا جس میں اب تک بولرز، بیٹسمین اور فیلڈرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بہت اچھی ٹیمیں ہیں، پاکستانی ٹیم گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کرکٹ کھیلتی ہوئی آ رہی ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی بہترین ٹیم ہے۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ میں بہت پُرامید ہوں کہ پہلےٹی 20 میں اچھا پرفارم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہماری تمام تر توجہ انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں پر ہے جس کے لیے تمام لڑکے بھرپور تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام فاسٹ بولرز بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں اور ہمارے لیے 4 پیسرز کا سلیکشن بہت ٹف ہو گا۔