لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں کرکٹرز پر تنقید کی تو ساتھی کرکٹر عمران فرحت نے بھی شاہد آفریدی کے خلاف بیان داغ دیا۔عمران فرحت کہتے ہیں ملک میں کرکٹ کی خرابی کے ذمہ دار شاہد آفریدی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ 10 سال سے پاکستان کی کرکٹ کس نے خراب کی ؟ اس میں ایک شخص کا ہاتھ ہے جو کرکٹ تباہ کررہا ہے اور وہ ہے شاہد آفریدی۔سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران فرحت نے یہ بات پہلے ٹوئٹ پر کی پھر وڈیو پیغام بھی دے ڈالا۔عمران فرحت کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں سابق کرکٹرز پر تنقید کی اس پر انہیں بہت افسوس ہوا۔انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی نے اپنی کتاب کی تشہر کیلئے کرکٹرز کو نشانہ بنایا، شاہد آفریدی سے متعلق سوشل میڈیا پرجو کہا وہی سچائی ہے۔عمران فرحت نے کہا کہ میں نے 15 سال شاہد آفریدی کے ساتھ کرکٹ کھیلی، جتنے مسائل شاہد آفریدی کی وجہ سے آئے شاید ہی کبھی آئے ہوں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹرزکے خلاف آفریدی کے بیانات پرغصہ آیا، ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہیں کرنی چاہیے، اس سے جینٹیل مینز گیم کرکٹ کو نقصان پہنچا ہے۔خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے حال ہی میں منظر عام پر آنے والی اپنی کتاب میں جاوید میاںداد، وقار یونس اور دیگر کھلاڑیوں پر شدید تنقید کی ہے۔