جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور شہرت یافتہ اسپنر ثناء میردنیا کی کامیاب ترین اسپنر بننے سے ایک وکٹ کی دوری پر ہیں۔ثناء میر مشترکہ طور پر دنیا میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی اسپنر بن گئی ہیں۔ ثناء کی ریکارڈ سا ز کارکردگی کے باوجود پاکستان کو دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست ہوگئی۔ثناء میر نے جنوبی افریقا کے شہر پوشٹروم میں دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل کے موقع پر تاریخ رقم کی۔ جنوبی افریقا نے میچ 8 وکٹ سے جیت کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ثناء میر ویمن ون ڈے میں مشترکہ طور پر سب سے کامیاب اسپنر بن گئیں، جنوبی افریقا کی اینڈری اسٹین کی وکٹ لے کر ثناء میر نے ون ڈے میں 146 شکار مکمل کرلئے۔
ویسٹ انڈیز کی اسپنر انیسہ محمد اور آسٹریلیا کی لیسا استالیکر نے بھی 146,146 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ سیریز کے آخری میچ میں ثناء میر ایک وکٹ اور حاصل کرکے ویمن ون ڈے کی کامیاب ترین اسپنر کا اعزاز اپنے نام کرسکتی ہیں۔دوسرے ون ڈے میں پاکستانی خواتین ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے147رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آخری پانچ وکٹیں ایک رن کے اضافے میں گرگئیں۔پاکستان کی جانب سے ناہیدہ خان37 اور بسمعہ معروف 32 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ میزبان ٹیم کی ماسا باتا کلاس نے ہیٹ ٹرک کی اور27رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔انہوں نے عالیہ ریاض، سدرا نواز اور عمیمہ کی وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقا کی وول وارڈٹ نے 74رنز بنائے۔ ثناء میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔