کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سابق صدر فیڈریشن فیصل صالح حیات اے ایف سی کے ساتھ سازبازکرکے پاکستان کی فٹبال کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔لاہور میں ہونے والی پُرہجوم پریس کانفرنس کے موقع پر صدر فیڈریشن انجینئر سید اشفاق حسین شاہ، نائب صدور عامر ڈوگر،سردار نوید حیدر، کانگریس ممبرفرزانہ رؤف ، ممبر پی ایف ایف کانگریس،چوہدری فقیر محمد، چوہدری اخلاق ،وزیر تعلیم ، پنجاب، ممبر پنجاب کونسل، نوید اسلم لودھی ،ایم پی اے، صدر، ڈی ایف اے ساہیوال،نائب صدور پی ایف اے،راجہ اشتیاق ، محمدنعیم،میاں رضوان رکن مجلس عاملہ ، پی ایف ایف، شرافت حسین بخاری پرنسپل اسٹاف آفیسر، صدر،پی ایف ایف، میاں جاوید قریشی،، صدر، ڈی ایف اے ملتان و دیگر بھی موجود تھے۔ صدر فیڈریشن نے کہا فیصل اے ایف سی کی نائب صدارت کا فائدہ اٹھا کر غیر آئنی اقدامات کرہے ہیں اور اے ایف سی انہیں پورا سپورٹ کررہی ہے جو کہ تیسری پارٹی کی مداخلت کے زمرے میں آتا ہے ۔ اے ایف سی گذشتہ 4سال سے فیصل صالح حیات کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کی موجودہ باڈی کیخلاف مسلسل سپورٹ کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیوں اے ایف سی اپنے ہی بنائے ہوئے قانون کو سبوتاژ کررہی ہے۔ منتخب باڈی کیخلاف فیصل کے وکلاء کو اے ایف سی کی جانب سے براہ راست فنڈنگ کرنے میں ملوث ہے۔فیفا اور اے ایف سی دونوں تیسری پارٹی کی مداخلت خواہ وہ گورنمنٹ کی سطح پر ہویا کورٹس کا معاملہ۔ اسے تسلیم نہیں کرتیںلیکن فیصل کے وکلاء کو اے ایف سی براہ راست فنڈنگ کرنے کووہ تیسری پارٹی کی مداخلت کے زمرے میںنہیں لاتی۔صدر فیڈریشن نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کے میچ کی میزبانی ملی لیکن فیصل صالح حیات اسے دوہا (قطر ) منتقل کرکے توہین عدالت کے ہی نہیں بلکہ ملک کیخلاف غداری کے بھی مرتکب ہورہے ہیں۔ فیفا اوراے ایف سی کے 28مئی کو آنے والے وفد کو سابق صدر فیڈریشن کے تمام سیاہ کارنامے تمام تر ثبوت و شواہد کے ساتھ ان کے سامنے رکھیں جائیں گے۔ فیصل صالح حیات وہ ملک دشمن ہے جو تمام تر وسائل پاکستان کے استعمال کرتا ہے اور پھر اسے ہی دنیا کے سامنے رسوا کرتا ہے۔ اے ایف سی نے فیصل کو خوش کرنے کیلئے فیفا ایتھکس کی خلاف وری کرتے ہوئے ان کے وکلاء کو براہ راست فیس ادا کی۔ اسی طرح کی ادائیگی ان کے ملازمین اور ایسوسی ایشنز کو بھی براہ راست ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کرکے کی گئیں۔فیفا کے حکام سے سوال کریں گے کہ اے ایف سی کیسے کسی ملک میں چلنے والے عدالتی معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے کسی ایک گروپ کی وکلاء کی فیس کی ادائیگی کرسکتی ہے۔یہ صریحاً تیسری پارٹی کی مداخلت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیفااور اے ایف سی کی رقم فٹبال کھیل پر خرچ ہونے کے بجائے عدالتوں کی نظر ہونا قابل افسو س عمل ہے۔صدر فیڈریشن انجینئر سید اشفاق حسین شاہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی سالوں سے عالمی تنظیموں کو غلط حقائق بتا کرانہیں اپنے ساتھ ملا نے کی کوشش کررہے ہیں۔ صدر پی ایف ایف کا کہنا تھا کہ 30مارچ 2019کو تمام ملک کی ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کی معیاد مدت ختم ہوچکی ہے اورنئے انتخاب کیلئے کلبز رجسٹریشن اور اسکروٹنی کا عمل جاری ہے۔جو 20جولائی تا 31اگست ملک بھر میں مکمل ہوجائے گا۔ملک بھر میں ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات کا عمل 15ستمبر سے شروع ہوگا جو 21اکتوبر تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ صوبائی الیکشنز کا عمل 29اور 30ستمبر تک مکمل کرنے کی حتمی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ نائب صدر فیڈریشن نوید حیدر کا کہنا تھا کہ مصدقہ زرائع سے خبر ملی ہے کہ دوہا (قطر) میں پاکستان کے کوالیفائر میچ کو لے جانا دراصل ایک سوچی سمجھی سازش ہے ۔ فیصل نے اپنی ایک خودساختہ ٹیم تشکیل دی ہے جس میں پاکستانی نژاد اور پاکستان کے محکماجاتی ٹیموں کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو پاکستان کے نام سے دوہا (قطر) میں کمبوڈیا کے ساتھ مقابلے کیلئے میدان میں اتاراجائیگا۔ہم کسی بھی ایسے آفیشل اور کھلاڑیوں پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ منتخب پی ایف ایف کے علاوہ کسی اور کی پیروی کرتے ہیں تو ان کیخلاف عدالت عظمیٰ کا فیصلہ نہ ماننے پر توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔نائب صدر فیڈریشن میاں عامر ڈوگر نے کہا کہ سید اشفاق حسین شاہ ہی پاکستا ن فٹبال فیڈریشن کے منتخب صدر ہیں اورفیفا اوراے ایف سی کے 28مئی کو آنے والے وفد کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے ہم پوری طرح تیار ہیں اور انشاء اﷲ فیصل کی تمام غلط بیانیوں اور اپنے پیروکاروںکو سبز باغ دکھانے کے دعوے جھاگ کی طرح بیٹھ جائیں گے کیونکہ سچ کو کبھی آنچ نہیں ہوتی۔ انشاء اﷲ فتح حق کی ہوگی۔