کراچی (اسپورٹس رپورٹر) فہد مصطفی اور سردار مہر بخش کے مابین تیسری وکٹ پر 183رنز کی پارٹنر شپ نے ڈی ایچ اے اسپورٹس کو 7ویں کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ 2019کے افتتاحی میچ میں کامیابی سے ہمکنار کردیا۔ معین خان اکیڈمی الیون کو 8وکٹوں سے شکست کا سامنا۔فہد مصطفی نے 104رنز کی اننگز میں 7چھکے اور 6چوکے لگاکر نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا بلکہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔سردار مہر بخش نے 86رنز بنائے۔ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے شاندار بیٹنگ کی اور 127رنز کی دھواں دھار اننگزکھیلی جو رائیگاں گئی۔ ڈی ایچ اے اسٹیڈیم (معین خان اکیڈمی) گراؤنڈ پر فلڈ لٹ میں کھیلے گئے میچ میںٹاس جیت کر پہلے معین خان اکیڈمی الیون نے اننگز کا آغاز کیا اور اوپنر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے انتہائی جارحانہ اننگز کھیلی اور وکٹ کے چاروں طرف اسٹروک کھیلے۔ ان کی 127رنز کی اننگز 65گیندوں پر بنی جس میں 9چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔ عباس جعفری نے 19رنز اور سمیع خان کے 16رنز میں 2,2چوکے لگائے گئے۔ مبین طلعت نے 14رنز اور نواب عالم نے 12رنز میں ایک ایک باؤنڈری لگائی۔ انوار احمد، سعود قاسمی اور فہد مصطفی نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ڈی ایچ اے اسپورٹس نے اپنی جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کو باآسانی 18.1اوورز میں 2وکٹوں پر حاصل کرلیا جب 210رنز اسکور بورڈ پر آویزاں کئے گئے۔
اوپنر فہد مصطفی نے 55گیندوں پر 7چھکوں اور 6چوکے لگا کر 104رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔16رنز پر سعود قاسمی 5رنز اور 17رنز پر فہد شیخ بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ ہوئے بعدازاں سردار بخش مہر نے انتہائی ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے مطلوبہ ہدف کو مزید بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کرلیا۔ انہوں نے 86رنز کی دلکش اننگز میں 8چوکے اور 3چھکے لگائے اور فہد مصطفی کے ہمراہ تیسری وکٹ پر 183رنز جوڑے۔فیصل قریشی نے حریف ٹیم کی دونوں وکٹیں 26رنز کے عوض اپنے کھاتے میںدرج کرائیں۔