لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ نے متفقہ طور پر اولمپئین آصف باجوہ کو سیکرٹری پی ایچ ایف تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس صدر پی ایچ ایف بریگیڈئیر خالد سجاد کھوکھر کی زیر صدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہوا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈکے 14اراکین نے شرکت کی۔ایگزیکٹوبورڈ اجلاس میں خیبر پختونخوا نے آصف باجو ہ کا نام سیکرٹری کے طور پر پیش کیا جبکہ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن نے اس کی تائید کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپئین آصف باجوہ نے کہا کہ ہاکی میں آج سے نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ہاکی کے معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے،آصف باجو ہ کا کہنا تھا کہ ہاکی کی بحالی کے لئے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور کوشش ہو گی کہ کلب ہاکی کو بحال کیا جائے اور اس کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ ایگزیکٹو بورڈ اور صدر پی ایچ ایف سے خصوصی طور پر اجازت لی ہے کہ ہر تین ماہ بعد فیڈریشن کے اکاؤنٹس کی تفصیلات پی ایچ ایف کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت افسوس کی بات ہے ہاکی بحالی پر گفتگو کرنے کی بجائے ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات پر زیادہ بات کی جاتی ہے اسی صورت حال کے پیش نظر میں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام سابق اولمپئینز کو ساتھ لے کر چلنے کا اعلان کیا اور تمام سابق کھلاڑیوں کو دعوت دی کہ وہ مل بیٹھ کر ہاکی بحالی کے لئے مشورہ دیں۔ انہوں نے سابق اولمپئینز سے ایک مرتبہ پھر درخواست کی کہ وہ ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالنے کا سلسلہ بند کرتے ہوئے ایک ساتھ مل کرہاکی بحالی کے لئے کام کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے فوری بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ کروائی جائے گی اس کی میزبانی کے حوالے سے آئندہ دس روز میں اعلان کردیا جائے گا۔ سیکرٹری پی ایچ ایف نے اعلا ن کیا کہ بہت جلد ملک میں پروفیشنل ہاکی لیگ کروائی جائے گی اور اس سلسلے میں میری مختلف لوگوں سے بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کو ایک سال میں ٹاپ ٹین اور پھر ٹاپ فور میں لانا ہدف ہے اور اس کے لئے مکمل حکمت عملی کا اعلان کیا جائیگا۔سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ 20کروڑ عوام سے وعدہ کرتاہوں کہ ہاکی کو اس کاکھویاہوا وقار واپس دلائیں گے اور بین الاقوامی ہاکی میں میڈلز بھی جیت کرلائیں گے۔ہاکی فیڈریشن میں احتساب کے حوالے سے سوال پر آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ ملک میں ادارے آزاد اور خود مختار ہیں وہ اپنا کام کریں گے اگر کسی نے گاجر یں کھائی ہیں تو اس کے پیٹ میں درد ہوگا اور اگر کسی نے گاجریں نہیں کھائیں تو اس کو درد نہیں ہوگا۔