دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی نے پاکستان کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں سلو اوور ریٹ پر انگلش کپتان این مورگن پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں ایک میچ کے لیے معطل بھی کر دیا۔آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن کے مطابق این مورگن اور انگلش ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر پابندی پاکستان کے خلاف میچ میں دو اوورز مقررہ وقت سے تاخیر سے کرانے پر عائد کی گئی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سلو اوور ریٹ کے باعث انگلش کپتان این مورگن پر میچ فیس کا 40 فیصد جب کہ دیگر کھلاڑیوں پر 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ آئی سی سی نے انگلش کپتان این مورگن کو پاکستان کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے معطل بھی کر دیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے باعث انگلش کپتان پاکستان کے خلاف نوٹنگھم میں ہونے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔این مورگن 12 ماہ کے دوران دوسری بار آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں۔اس سے قبل رواں برس فروری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بارباڈوس میں ہونے والے ایک روزہ میچ میں بھی این مورگن سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار پائے تھے۔