پریٹوریا(سپورٹس لنک رپورٹ)ثنا میر کی عمدہ باؤلنگ کے ساتھ ساتھ بسمعہ معروف اور ندا ڈار کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان وومن ٹیم نے جنوبی افریقہ وومن ٹیم کو پہلے ٹی20 میچ میں باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر 5میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔پریٹوریا میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 119 رنز بنائے۔ثنا میر نے اپنے پہلے ہی اوور میں دونوں اوپنرز کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔لیزل لی اور تازمین برٹز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں جبکہ کلوئے ٹراؤن 43 رنز بنا کر نمایاں رہیں، کپتان سیونی لوس 10 رنز بنا سکیں۔ثنا میر نے 3، ندا ڈار نے 2، عالیہ ریاض اور نشرہ سندھو نے ایک، ایک وکٹ لی۔
جواب میں پاکستان وومن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔عمیمہ سہیل 10 اور جویریہ راؤف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں اور 29 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد پاکستانی ٹیم دبآ میں آ گئی لیکن پھر بسمہ اور ندا ڈار ڈٹ گئیں۔دونوں کھلاڑیوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔ندا ڈار 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں لیکن تب تک پاکستان کی فتح یقینی ہو چکی تھی اور 53 رنز بنانے والی بسمعہ معروف نے ارم جاوید کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ندا ڈار کو آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے 5 ٹی20 میچوں میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔