پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام رمضان فلڈ لائٹ سپورٹس فیسٹیول گزشتہ روز پشاور میں شروع ہوگیا’ فیسٹیول کا باضابطہ افتتاح سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے کیا ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس اسفندیارخٹک’ڈی جی ٹورازم جنید خان ‘کے پی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ ‘ڈائریکٹر آپریشنز سید ثقلین شاہ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں
سینئر صوبائی وزیر کھیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم 33 ویں نیشنل گیمز کے انعقاد کے لئے تیار ہیں جس کے لئے فنڈز بھی مختص کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ان گیمز میں اس مرتبہ دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی ہماری کوشش ہے کہ گیمز اکتوبر میں منعقد کرائیں تا ہم تاریخوں کا اعلان دیگر اداروں کی مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا
انہوں نے کہا کہ ہم مثالی گیمز کا انعقاد چاہتے ہیں جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج پہنچے گا’انہوں نے بتایا کہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کی محرومیوں کی ازالے کے لئے ریکارڈ رقوم بجٹ میں مختص کی گئی ہیں ماضی میں قبائلی اضلاع کے لوگوں نے امن و امان کے خراب حالات کے باعث انتہائی مشکل وقت گزارا اور بعد میں انفراسٹرکچر بھی خراب ہوا اب ان کی محرومیوں کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ بارہ کھیلوں کی سہولتوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے ‘بارہ منصوبوں کو بحال کیا جائے گا جبکہ مزید پچیس منصوبے ہر ڈسٹرکٹ میں شروع کئے جارہے ہیں
انہوں نے اعلان کیا کہ رمضان سپورٹس فیسٹیول ہر سال منعقد کیا جائے گا اسی لئے اس کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی ہے اور اس سال اس کے لئے 42 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں تاہم آئندہ سال اسے مزید وسعت دیں گے اور ایونٹس میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کے فنڈز میں بھی اضافہ کیا جائے گا انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ سال رمضان سپورٹس فیسٹیول میں قبائلی اضلاع کے سات ڈسٹرکٹس اور چھ سب ڈسٹرکٹس کو بھی شامل کیا جائے گا’ فیسٹول میں 18 مختلف گیمز شامل ہیں جو صوبے کے چھ ڈسٹرکٹس میں منعقدہوںگی
پشاور قیوم سپورٹس کمپلیکس میں کبڈی اور ایتھلیٹکس ، طہماس سٹیڈیم میں فٹبال اور رسہ کشی ، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں سکواش ، بیڈمنٹن ، ٹیبل ٹینس ، تائیکوانڈواور کراٹے، مردان سپورٹس کمپلیکس میں فٹبال اور ہاکی ، چارسدہ میں بیڈمنٹن ‘فٹبال اور کرکٹ ، سوات میں بیڈمنٹن اور ہاکی ، صوابی میں والی بال ، ایبٹ آباد میں کرکٹ کے مقابلے شامل ہیں ۔ فیسٹول ایک ہفتے تک جاری رہیگا۔