کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سوئی سدرن گیس کمپنی نے ناقابل شکست رہتے ہوئے ساتواں کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ کی فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی جب انہوں نے عمر ایسوسی ایٹس کو 41رنز کی شکست سے دوچار کیا۔ مہمان خصوصی بریگیڈئر افتخار علی بھٹی نے فاتح ٹیم کے کپتان عمر امین کو 8لاکھ ,رنر اپ ٹیم کے کپتان اسد شفیق کو 4لاکھ اور مین آف دی میچ خوشدل شاہ کو 30ہزار روپے اور موٹر سائیکل کا تحفہ پیش کیا۔عمر ایسوسی ایٹس کے سہیل اختر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔مہمان خصوصی نے اپنے مختصر خطاب میں معین خان اور ان کی ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے شہر کراچی کے عوام کو صحت مند تفریح کا موقع فراہم کیا اور ڈی ایچ اے اسٹیڈیم (معین خان کرکٹ اکیڈمی) پر دوران ٹورنامنٹ کراچی کے دوردراز علاقوں سے شائقین نے گراؤنڈ آمد کو یقینی بناکر ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے اسپانسرز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسپانسرز کی دلچسپی کے باعث کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش ہوئی جس سے کھلاڑیوں کی بڑی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔اس موقع پر معین خان، ندیم عمر، ندیم خان،سکندر بخت،امیر اکرم و دیگر بھی موجود تھے۔میڈیا کوارڈنیٹر امیر اکرم خان کو معین خان نے خصوصی شیلڈ پیش کی۔برقی قمقموں میں کھیلے جانے والے فائنل میں سدرن گیس نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور احمد شہزاد اور خوشدل شاہ کی نصف سنچریوں کی بدولت 206رنز 6وکٹوں پر مقررہ 20اوورز میں اسکور کئے۔احمدشہزاد نے 67رنز کی اننگز میں 5چھکے اور 4چوکے لگائے ۔ خوشد ل شاہ نے بھی 5چھکوں اور 4چوکوں سے سجی 61رنز کی اننگز کھیلی۔ عامر یامین نے 38رنز میں 4چوکے اور 2چھکے لگائے۔خرم شہزاد نے 3وکٹیں 30رنز کے عوض اپنے نام کیں۔عمر ایسوسی ایٹس کی جوابی اننگز 19.4اوورز میں تمام ہوگئی جب پوری ٹیم نے 165رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ لی۔سہیل اختر ایک رن کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 49رنزکی باری میں انہوں نے 5چوکے اور 2چھکے لگائے۔وہاب ریاض نے 4چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33رنز اسکور کئے۔ خرم شہزاد کے 14رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔سہیل خان نے 29رنز پر 3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جبکہ کاشف بھٹی کو 27رنز اور عمر خان خان کو 30رنز کے عوض 2,2وکٹیں ملیں۔ ایمپائرز امتیاز اقبال اور آل حیدر تھے۔