لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ کپ 2019 کے اسکواڈ میں شامل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے نئی کِٹ میں ورلڈ کپ کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل اکاؤنٹ پر قومی کرکٹ ٹیم نے نئی کِٹ پہنے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ ایک ایسا ایونٹ ہے جہاں سے لوگ ہیروز بنتےہیں، اُن کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی بھرپور کوشش ہوگی کہ ملک کے لئے اچھی کارکردگی پیش کریں تاکہ لوگ اچھے لفظوں میں یاد رکھیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک نے نئی کٹ کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کِٹ پہننے سے فخر محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ورلڈ کپ میں ملک کے لئے بہترین پرفارم کروں گا۔آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا کہ ورلڈ کپ کھیلنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اپنے کیرئیر میں ورلڈکپ جیتنے کی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی ہے۔ اس بار ہم سب مل کر ورلڈ کپ جیتنے کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے کے مختصر عرصے میں کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کرنے والے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈ کپ میں شامل ہونے پر فخر محسوس کررہے ہیں۔پی ایس ایل سے شہرت پانے والے محمد حسنین کا کہنا تھا کہ میری بھرپور کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل جیسی بہترین کارکردگی پیش کر سکوں۔دو بار انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلنے والے امام الحق کا کہنا تھا کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے میچ میں میری کوشش ہوگی کہ ورلڈ کپ کا آغاز سنچری سےکروں۔بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کھیلنے کی بہت زیادہ خوشی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُ ن کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ اچھے سے اچھا پرفارم کریں۔لیگ اسپنر شاداب خان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر عوام نے بہت سپورٹ کیا تھا ، بہت زیادہ خوشی ہوئی تھی۔نوجوان بولر حسن علی کا کہنا تھا کہ مجھے بہت فخر ہورہا ہے کہ میں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرٹ پہنی ہوئی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ میں کرکٹ ورلڈ کپ میں ایسی پرفارمنس دوں جس سے پاکستان ورلڈ کپ جیت سکے۔