لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بحریہ کرکٹ سٹیڈیم میں جاری پانچواں آل پاکستان فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا۔ زین الیون اور حق باہو الیون نے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ٹورنامنٹ کے پانچویں روز دو سیمی فائنل کھیلے گئے۔
ٹورنامنٹ کے پانچویں روز کرنل (ر) علی احسن SGM سکیورٹی اینڈ ایچ آر بحریہ ٹائون لاہور مہمان خصوصی تھے۔ سید فخر علی شاہ ڈائریکٹر سپورٹس بحریہ ٹائون لاہور نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔ قومی ترانے کے بعد سید فخر علی شاہ نے کھلاڑیوں کو مہمان خصوصی سے متعارف کروایا۔
پہلے سیمی فائنل مقابلے میں زین الیون نے کاظمی الیون کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ کاظمی الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 4 اوورز کے اختتام پر 29 رن کا ٹارگٹ سکوربورڈ پر سجایا جوکہ زین الیون نے بآسانی حاصل کرلیا۔
دوسرے سیمی فائنل مقابلے میں حق باہو الیون نے ایک سخت مقابلے کے بعد سانگلہ الیون کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ سانگلہ الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز کے اختتام پر 50 رن سکور کئے جواب میں حق باہو الیون نے ٹارگٹ 2 گیند قبل حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔
ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 24 مئی بروز جمعہ زین الیون اور حق باہو الیون کے مابین کھیلا جائے گا۔ فائنل کے مہمان خصوصی بحریہ ٹائون لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئیر خلیل اللہ بٹ (ر) ہوں گے ۔ جو کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔