ناٹنگھم(عبدالرحمان رضا) قومی ٹیم ے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر مکمل فٹ اور کل کے میچ کیلئے دستیاب ہیں۔محمد عامر کے بارے میں اطلاعات تھیں کہ انہوں نے کوچ مکی آرتھر کو آگاہ کیا ہے کہ وہ مکمل فٹ نہیں ہیں اس لیے پہلے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
تاہم ناٹنگھم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ عامر مکمل فٹ ہیں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے لیے دستیاب ہیں۔ پاکستان ٹیم ورلڈکپ مشن کا آغاز کل ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹنگھم میں میچ سے کرے گی لیکن حال ہی میں انگلینڈ اور اسے قبل آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش کے باعث گرین شرٹس مسلسل شکستوں کے بھنور میں پھنسی ہیں۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے اور امید ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں شکستوں کے تسلسل کو توڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹ میں وکٹیں ضرور مختلف ہوں گی اور کوشش ہو گی کہ تین سو سے زیادہ رنز کریں تاہم لگ یہی رہا ہے کہ کل ٹاس جیت کر کوئی بھی کپتان پہلے بولنگ کرے گا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کریں گے لیکن اگر ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کرنا ہوا تو بیٹنگ آرڈر مختلف ہوسکتا ہے۔انگلینڈ کے خلاف 0-4 سے شکست کے حوالے سے سفراز نے کہا کہ ہماری بیٹنگ بری نہیں، انگلینڈ اور پاکستان کے کھیلنے کا انداز مختلف ہے۔ورلڈ کپ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتانوں نے گزشتہ روز ملکہ برطانیہ نے ملاقات بھی کی جس میں سرفراز احمد شلوار قمیض زیب تن کیے ہوئے نظر آئے۔اس حوالے سے سرفراز کا کہنا تھا کہ ملکہ سے ملاقات اعزاز کی بات ہے اور خوشی تھی کہ قومی لباس میں ملک کی نمائندگی کی۔