ناٹنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈکپ 2019 میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرلیا۔ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ ہی کرتے، اگر ابتدائی اوورز نکال دیے تو یہ اچھی بیٹنگ وکٹ ہے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض اور محمد عامر ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے جبکہ آج کے میچ میں آصف علی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اگر میچ کا آغاز اچھا ہوا تو بڑا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے، جبکہ ہدف کا دفاع کرنے میں اپنی باؤلنگ پر اعتماد ہے۔کپتان سرفراز احمد کے علاوہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم کپتان جیسن ہولڈر، کرس گیل، شے ہوپ، ڈیرن براوو، شمرون ہیٹمیئر، نکولس پورن، اندرے رسل، کارلوس بریتھ ویٹ، ایشلے نرس، شیلڈن کوٹریل اور اوشان تھومس شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم وارم اپ میچوں اور اس سے قبل ون ڈے سیریز میں عمدہ بیٹنگ سے اپنے خطرناک عزائم ظاہر کر چکی ہے لیکن پاکستان ٹیم ان دنوں انتہائی ابتر صورتحال سے گزر رہی ہے جسے اپنے گزشتہ 10میچوں میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سرفراز احمد اور ان کی ٹیم کے لیے سب سے بڑا چیلنج شکستوں کے اس سلسلے کو بھول کر عالمی کپ کے پہلے میچ میں عمدہ کھیل پیش کرنا ہے لیکن ناٹنگھم میں ویسٹ انڈین ٹیم کو قابو کرنا بھی پاکستان کے لیے ہرگز آسان نہیں ہوگا۔