لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) ورلڈ کپ 2019 ءکے پانچویں میچ میں بنگلا دیش نے جنوبی افریقہ کو 21رنزسے اپ سیٹ شکست دیدی۔اوول میں کھیلے جارہے کرکٹ ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں 331رنز کے ہدف کے جواب میں جنوبی افریقہ نے بیٹنگ کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور پہلا نقصان انھیں 10ویں اوور میں کوئنٹن ڈی کوک کے رن آؤٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ایڈن مارکرم نے کپتان فاف ڈوپلیسی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی پارٹنرشپ میں پچاس سے زیادہ رن بنائے اور سکور 102 پر پہنچا دیا لیکن وہ اپنی نصف سنچری پانچ رن کے فرق سے مکمل نہ کرسکے اور 45 کے انفرادی سکور پر بیسویں اوور میں آؤٹ ہوگئے جب کہ چھ اوور کے وقفے کے بعد کپتان ڈو پلیسی جو کہ بنگالی باؤلروں کو پر اعتماد طریقے سے کھیل رہے تھے، سپنرمہدی حسن کی گیند پر ایک غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔ڈیوڈ ملر اور وین ڈر ڈسن نے 55 رن کی شراکت کی تاہم رن ریٹ آٹھ رن سے اوپر چلے جانے کی صورت میں بیٹسمینوں پر دباؤ میں اضافہ ہوا جس کے بعد ملر مہدی حسن کی گیند پر باؤنڈری مارنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
وین ڈر ڈسن41رنز بنا کر سیف الدین کی گیند پر بولڈ ہوئے،پھیلکوایو8رنز بنا کر سیٹ الدین کا دوسرا شکار بنے،کرس مورس10رنز بنا کرمستفیض کا شکار بنے،ڈومنی نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن45رنز بناکر بولڈ ہوگئے،اس سے قبل جنوبی افریقہ نے بنگلا دیش کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔بنگلا دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے ٹیم کو 60 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، تمیم اقبال 16 رنز ہی بناسکے اور سومیا سرکار 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 142 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، شکیب 75 رنز بنانے کے بعد عمران طاہر کا شکار بنے جب کہ محمد متھن بھی 21 رنز پر عمران طاہر کی وکٹ بنے،مشفق الرحیم کی ہمت 78 رنز پر جواب دے گئی، وہ اینڈلے پھلوایاکو کا شکار بنے۔محمد اللہ اور مصدق حسین آخری اوورز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو ایک اچھا ٹوٹل دینے میں کامیاب رہے، مصدق 26 رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد اللہ 46 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے اینڈلے پھلوایاکو، عمران طاہر اور کرس مورس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقی ٹیم میں کوئنٹن ڈی کوک، رسی وین، ڈیوڈ ملر، فاف ڈپلوسی، جے پی ڈومنی، کرس مورکس، اینڈلے پھلوایاکو، کگیسو رابادا، لنگی نگیڈی اور عمران طاہر شامل ہیں جبکہ ہاشم آملا انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ میں سر پر گیند لگنے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔بنگلادیشی ٹیم شکیب الحسن، سومیا سرکار، تمیم اقبال، محمد مٹھن، مشفق الرحیم، محمد اللہ، محمد سیف الدین، مصدق حسین، کپتان مشرفی مرتضیٰ، مہدی حسن اور مستفیض الرحمان پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ ورلڈکپ ایونٹ میں بنگلا دیش کا یہ پہلا میچ ہے جب کہ جنوبی افریقا کو پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔