پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کی فروغ بیس بال دوروں کے سلسلے میں حیدرآباد آمد

حیدر آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)حیدرآباد بیس بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران و کھلاڑیوں سے افطار ڈنر میں ملاقاتیں۔ پرویز احمد شیخ، ایڈوکیٹ عبدالرزاق بروہی،عائشہ ارم نے استقبال کیا۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ بیس بال کے فروغ کے سلسلے میں حیدرآباد پہنچ گئے۔وہ فیڈریشن کے لیگل ایڈوائزر سید فخر امیر کاظمی کے ہمراہ حیدرآباد بیس بال ایسوسی ایشن کی دعوت پر استقبالیہ تقریب و افطار ڈنر میں جب سندھ اسپورٹس بورڈ حیدرآباد کلب پہنچے تو اُن کا پرویز احمد شیخ نائب صدر سندھ بیس بال ایسوسی ایشن /صدر حیدرآباد بیس بال ایسوسی ایشن کے ہمراہ سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ عبدالرزاق بروہی اور پاکستان فیڈریشن بیس بال کی ضلع جامشورو سے تعلق رکھنے والی لیڈی ممبر عائشہ ارم نے انہیں خوش آمدید کہا اور انہیں پھولوں کے گلدستے اور سندھ کی روایتی اجرک کے تحائف پیش کیئے اور انکا دیگر عہدیداران،مختلف ڈائریکٹرز فزیکل ایجوکیشن، اسپورٹس آرگنائزرز، دادو،جامشورو، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمد خان و بدین ضلعوں کی بیس بال ایسوسی ایشنز کے نمائندوں و سندھ کی نمائندگی کررہے ڈویژن سے تعلق رکھنے وال کھلاڑیوں کا ان سے تعارف کرایا۔ اس موقع پر سید فخر علی شاہ نے بیس بال کے فروغ کے لیئے ملک بھر میں جاری اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے یوتھ و وومینز بیس بال ایونٹس و کوچنگ پروگرامز کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس ضمن میں حیدرآباد میں کیئے جارہے پروگرامز کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیئے فیڈریشن کے کوچز مہیا کرنے کا اعلان کیا تاکہ حیدرآباد سے قومی سطح کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مقابلوں کے لیئے بھی کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہوسکیں.انہوں نے سندھ میں بیس بال کھیل کو مزید مقبول بنانے کے مقصد کے حصول کے لیئے نیشنل ویمنز و نیشنل اسکولز بوائز چیمپیئن شپس حیدرآباد ڈویژن میں منعقد کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کی لیڈی ممبر عائشہ ارم، صدر حیدرآباد پرویز احمد شیخ،سینیئر نائب صدر ایڈوکیٹ عبدالرزاق بروہی، انچارج سیکریٹری محی الدین شیخ،حیدرآباد اولمپک اسپورٹس کمیٹی کے صدر خرم رفیع صدیقی، پی ڈی پی فائونڈیشن کے صدر احمد نواز، جامشورو بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر انجینیئر شاہد کاظمی،حیدرآباد سافٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد اقبال، فائونڈیشن پبلک اسکول حیدرآباد کی طاہرہ ناز نے پاکستان میں بیس بال و سافٹ بال کے بانی سید خاور شاہ کے انتقال کے بعد انکے مشن کو جاری رکھنے کے لیئے انتھک محنت کرنے پر سید فخر علی شاہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں بعد ازاں فیڈریشن کا صدر و ممبر ایٹ لارج بیس بال فیڈریشن آف ایشیا منتخب کیا گیا۔ 

تعارف: newseditor