عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ،سرلنکا کی پہلی جیت، افغانستان کی ٹیم پھر ناکام

کارڈف (سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکا نے نوان پرادیپ کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ورلڈ کپ میں افغانستان کو شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کر لی۔کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان گلبدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ابتدا میں یہ فیصلہ ان کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا جہاں کوشل پریرا اور کپتان دمتھ کرونارتنے نے برق رفتاری سے رنز بناتے ہوئے ٹیم کو 92 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔30 رنز بنانے والے کپتان کرونارتنے غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے محمد نبی کی گیند پر باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، تاہم ان کے بعد آنے والے لہیرو تھری مانے نے کوشل پریرا کا ساتھ دیا اور اسکور 22 اوور میں 144 تک پہنچا دیا۔اس کے بعد افغانستان کے تجربہ کار کھلاڑی اور دنیائے کرکٹ کے ایک نامور آل راؤنڈر محمد نبی نے ایک ہی اوور میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔انہوں نے لہیرو تھری مننے، کوشل پریرا اور اینجیلو میتھیوس کو آؤٹ کرکے ٹیم کے اسکور کارڈ پر نہ صرف کاری ضرب لگائی بلکہ سری لنکا کو بڑے اسکور کی جانب گامزن ہونے سے روکنے کی بنیاد رکھ دی۔حامد حسن نے دھننجیا ڈی سلوا کی اننگز کا خاتمہ 149 کے مجموعے پر کردیا، جبکہ صرف 10 رنز کے اضافے کے بعد تھیسارا پریرا رن آؤٹ ہوگئے۔ایسے میں ایسرو اوڈانا اوپنر کوشل پریرا کا ساتھ دینے کے لیے آئے لیکن 10 رنز بنانے کے بعد 178 کے مجموعے پر وہ بھی بولڈ ہوگئے۔سری لنکا کی آخری امید کوشل پریرا 8ویں وکٹ کی شکل میں پویلین لوٹ گئے جب وہ راشد خان کی گیند پر ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔میچ بارش کے باعث روک دیا گیا تاہم اس وقت تک سری لنکن ٹیم 182 رنز بنانے کے بعد 8 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو فی اننگز 41 اوورز تک محدود کردیا گیا۔افغانستان کو سری لنکن ٹیم کی اننگز سمیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری سری لنکن ٹیم صرف 201رنز پر ڈھیر ہو گئی۔افغانستان کی جانب سے محمد نبی 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ راشد خان اور دولت زدران نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔بارش کے سبب افغانستان کو 187 رنز کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا جس کے تعاقب میں افغان اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 34رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر محمد شہزاد 7رنز بنا کر لاستھ ملنگا کی وکٹ بن گئے جبکہ رحمت شاہ صرف دو رنز بنا سکے۔حضرت اللہ زازئی ایک مرتبہ پھر جارحانہ موڈ میں نظر آئے لیکن ان کی 25رنز کی جارحانہ اننگز نوان پرادیپ کے ہاتھوں اختتام پذیر ہوئی۔اسکور ابھی 57تک ہی پہنچا تھا کہ حشمت اللہ شاہدی بھی ہمت ہار گئے لیکن افغانستان کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب تجربہ کار محمد نبی بھی 11رنز بنانے کے بعد تھسارا کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔57رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹنے کے بعد گلبدین نائب اور نجیب اللہ زدران نے ٹیم کو سنبھالا دینے کا بیڑا اٹھایا اور 64رنز کی شراکت قائم کر کے نقصان کا ازالہ کرنے کی مقدور بھر کوشش کی لیکن اس سے قبل کہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، پرادیپ نے 29 رنز بنانے والے افغان کپتان گلبدین نائب کو پویلین چلتا کردیا۔ابھی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ پرادیپ نے ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے اپنے اگلے اوور میں راشد خان کا کام تمام کردیا دولت زدران کی مزاحمت بھی 7رنز پر تمام ہوئی۔نجیب اللہ زدران نے 43رنز کی اننگز کھیل کر مزاحمت دکھائی لیکن ایک رن آؤٹ کے نتیجے میں ان کی اننگز بھی تمام ہوئی جبکہ اگلے اوور میں ملنگا نے حامد حسن کی وکٹیں بکھیر کر افغانستان کی اننگز کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی کپ میں پہلی فتح سے بھی ہمکنار کرا دیا۔افغانستان کی پوری ٹیم 152رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور سری لنکا نے میچ میں 34رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔افغانستان: گلبدین نائب(کپتان)، حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد، رحمت شاہ، حشمت اللہ شہیدی، محمد نبی، نجیب اللہ زادران، دولت زادران، رشد خان، مجیب الرحمٰن، حامد حسن سری لنکا: دمتھ کرونارتنے(کپتان)، لہیرو تھری مانے، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، اینجیلو میتھیوس، دھننجیا ڈی سلوا، تھیسارا پریرا، اسرو اڈانا، نوان پردیپ، سرنگا لکمل، لستھ ملنگاخیال رہے کہ اس میچ سے قبل سری لنکا کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اپنے ناقص رن ریٹ خسارے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر تھی۔اس کے علاوہ افغانستان نے بھی ورلڈکپ میں اپنی مہم کا آغاز شکست کے ساتھ کیا تھا جب پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئنز آسٹریلیا نے اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی۔

تعارف: newseditor