پاکستان سری لنکا کو ہرا سکتا ہے،ظہیر عباس

لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) ماضی کے عظیم کھلاڑی ظہیرعباس نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ کی خطرناک ٹیم قرار دے دیا۔ماضی کے عظیم کھلاڑی ظہیر عباس کو پاکستان کی جانب سے 100 فرسٹ کلاس سنچریاں بنانے کا اعزاز ہے۔سابق کپتان اور ایشین بریڈ مین نے 49 فرسٹ کلاس سنچریاں برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ پر گلاسٹر شائر کاؤنٹی کے لئے بنائی ہیں۔ظہیر عباس نے 33 سال پہلے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا لیکن ماضی کے عظیم بیٹسمین کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی ہے اور ائیرپورٹ پر بھی لوگ ان سے ورلڈ کپ پر بات کررہے تھے۔ظہیر عباس بھی کراچی سے لندن پہنچے ہیں جہاں وہ اپنی کاؤنٹی کے گراؤنڈ پر ورلڈ کپ میں جمعے کو پاکستان اور سری لنکا کا میچ دیکھیں گے۔ظہیر عباس کا کہنا ہےکہ پاکستان سری لنکا کو ہرا سکتا ہے، ماضی میں برسٹل کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہوتی تھی، اب بھی یہی لگتا ہے کہ پاکستان بڑا اسکور کرکے سری لنکا پر دباؤ ڈال سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ کی خطرناک ٹیم بن کر سامنے آئی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کو ورلڈکپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اپنے دوسرے میچ میں میزبان ملک انگلینڈ کو 14 رنز سے ہراکر کم بیک کیا ہے۔

تعارف: newseditor