برسٹل(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں انفرادی ریکارڈز کی بجائے ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں اپنا حصہ ڈالنا ترجیح ہے۔آصف علی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں تھے لیکن انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں ان کی کارکردگی کو دیکھ کر سلیکٹرز نے عابد علی کی جگہ آصف کو اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔برسٹل میں میڈیا سے گفتگو میں آصف علی نے کہا کہ اپنی بیٹنگ آرڈر پر زیادہ غور نہیں دیتا کیونکہ جس پوزیشن پر کپتان سرفراز احمد بھیجتے ہیں، میرا کام ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میری بنیادی ذمہ داری ہٹنگ کرنا ہے لیکن پہلے بیٹنگ آتی ہے تو مختلف انداز میں بیٹنگ کرتا ہوں۔جارح مزاج بلے باز نے مزید کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 20 سے 25 اوورز بیٹگ کرنے کا موقع ملا جس میں اپنے انداز سے کچھ مختلف تھا اسی وجہ سے دو نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔ان کا کہنا تھا کہ میرے ذہن میں یہ بات کبھی نہیں تھی کہ ورلڈ کپ میں سلیکٹ ہوں گا، بس یہی خیال تھا کہ جو نصیب میں ہوگا وہ ملے گا۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل آصف علی کی صاحبزادی انتقال کرگئی تھی تاہم دردناک سانحے میں ان کے اہل خانہ اور دوستوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا جس کی وجہ سے انہیں ورلڈ کپ کیلئے اپنے گیم پر فوکس کرنے کا موقع ملا۔