برسٹل (سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے برسٹل میں موجود پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کرکٹ فور گڈ ایکٹیویٹی میں حصہ لیا جس کا مقصد بچوں کی کھیلوں میں شرکت کی حوصلہ افزائی تھا
۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، کرکٹرز فخر زمان، بابر اعظم، امام الحق، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے بھی کرکٹ فور گڈ کی ایکٹیویٹی میں حصہ لیا۔پاکستانی کرکٹرز مقامی بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، ان کو فیڈنگ ڈرلز کرائیں اور ان کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی، بچوں نے پاکستانی پلیئرز کے ساتھ تصاویر بنائیں اور ان سے آٹوگراف بھی لیے۔ایکٹیویٹی میں شامل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین فخر زمان کا کہنا تھا کہ اس ایکٹیویٹی میں شرکت کرکے اچھا لگا، بچے اسٹار پلیئرز کو اپنے درمیان دیکھ کر ان سے متاثر ہوتے ہیں اور ان کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے
امید ہے جلد ایسی ایکٹیویٹیز پاکستان میں بھی ہوں گی۔اکیٹیویٹی میں شامل بچوں کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اچھا لگا۔ایک بچے نے کہا کہ بابر اعظم ان کے فیوریٹ ہیں اور ان سے آج بیٹنگ بھی سیکھی، ایک اور بچے نے پاکستان ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
زویا نام کی ایک بچی کا کہنا تھا کہ وہ اس ایونٹ میں شرکت کیلئے اس قدر بے تاب تھیں کہ رات سو بھی نہیں پائیں۔کرکٹ فور گڈ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے ساتھ شراکت میں ایک سی ایس آر ایکٹیویٹی ہے جس کا مقصد کرکٹ کے ذریعے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔