محمد عامر نے بھارت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے آسٹریلیا کے خلاف تباہ کن بولنگ کر کے ورلڈ کپ میں اگلے میچ کے لیے بھارت کو خبردار کر دیا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان دنیا کے کسی بھی خطے میں ہونے والا میچ اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور شائقین کی بڑی تعداد میدان کے علاوہ ٹی وی اسکرینوں پر بھی دونوں ٹیموں کا ٹاکرا دیکھنے کے لیے بیتاب رہتی ہے۔اور اگر پھر وہ ورلڈکپ کا میچ ہو تو اس کی چکا چوند ہی کچھ اور ہوتی ہے اور دونوں ٹیموں پر اس میچ کا دباؤ بھی زیادہ ہوتا ہے۔انگلینڈ میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں 16 جون کو ہو گا۔اگر ہم قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کی بات کریں تو انہوں نے 2017 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔لیکن چیمئنز ٹرافی کے بعد سے محمد عامر آؤٹ آف فارم تھے اور ورلڈ کپ کے آغاز تک عامر نے 101 اوورز میں صرف 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔محمد عامر کی ورلڈ کپ میں شمولیت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے تھے تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ عامر ایک تجربہ کار بولر ہیں اور انہیں انگلینڈ کی کنڈیشنز میں گیند کرانے کا تجربہ بھی ہے، امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اچھا فارم کریں گے۔محمد عامر نے بھی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں اپنی شمولیت کو درست ثابت کیا اور ورلڈ کپ کے تین میچز میں عامر اب تک 10 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جو حالیہ ورلڈ کپ میں کسی بھی بولر کی جانب سے اب تک سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

تعارف: newseditor