سہ فریقی سیریز،سری لنکا بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل میں داخل

سری لنکا سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا، آئی لینڈرز نے سیریز کے آخری لیگ میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کی ۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے قائد مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے غلط ثابت ہوا کیونکہ میزبان ٹیم 24 اوورز میں 82 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سری لنکن باؤلرز کی عمدہ لائن و لینتھ کے سامنے بنگال ٹائیگرز بے بس دکھائی دئیے اور 8بلے باز دوہرا ہندسہ بھی حاصل نہ کرسکے ۔ مشفق الرحیم 26 اور صابر رحمان 10 رنز بنا کر نمایاں رہے، تمیم اقبال 5، انعام الحق صفر، شکیب الحسن 8، محموداﷲ 7، ناصر حسین 3، کپتان مشرفی ایک اور روبیل حسین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے،سری لنکا کی جانب سے سرنگا لکمل نے 3 جبکہ چمیرا، پریرا اور سنڈکان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں سری لنکن ٹیم نے ہدف 12ویں اوور کی پانچویں گیند پر بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا ، اپل تھرنگا 39 اور گونا تھلیکا 35 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔یاد رہے کہ فائنل بھی سری لنکااور بنگلہ دیش کے درمیان ہی ہوگاجبکہ تیسری ٹیم زمبابوے ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے ۔

error: Content is protected !!